
خلیج اردو
ابوظہبی: ڈے مارٹ ہائپرمارکیٹ کو فوڈ سیفٹی قوانین کی بار بار خلاف ورزی اور عوامی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرنے پر ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی (ADAFSA) نے بند کر دیا۔
اتھارٹی کی فوڈ کنٹرول رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ہائپرمارکیٹ نے متعدد خلاف ورزیاں کیں اور درستگی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہا۔ ADAFSA کے مطابق یہ فیصلہ فوڈ سیفٹی سے متعلق 2008 کے قانون نمبر 2 اور اس کے ضوابط کے تحت کیا گیا۔
اتھارٹی نے کہا کہ انتظامی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک خلاف ورزیوں کی وجوہات ختم نہیں ہوتیں۔ ہائپرمارکیٹ صرف اسی وقت دوبارہ کھولا جا سکتا ہے جب تمام تقاضے پورے کر کے صورتحال کو درست کر لیا جائے۔
ADAFSA نے وضاحت کی کہ اس طرح کے اقدامات معائنہ مہم کا حصہ ہیں تاکہ فوڈ سیفٹی کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اتھارٹی کے معائنہ کار تمام فوڈ اسٹیبلشمنٹس اور مصنوعات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے ہیں تاکہ اعلیٰ فوڈ سیفٹی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی فوڈ اسٹیبلشمنٹ میں خلاف ورزی یا کھانے کے معیار پر شک کی صورت میں ابوظہبی حکومت کے ٹول فری نمبر 800555 پر اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔







