
خلیج اردو
ابوظبی پولیس نے الحفیظہ ریجن میں ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے خصوصی ماحولیاتی پولیس گشت شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام اسپیشل پیٹرولز ڈائریکٹوریٹ کے تحت انوائرنمنٹل پولیس ڈیپارٹمنٹ کی نگرانی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد امارت کے سب سے بڑے خطے میں زمینی ماحولیاتی نظام اور جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات پر کیا گیا ہے، جن میں قومی سلامتی کے نظام میں ماحولیاتی پائیداری کو مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ خصوصی گشت کے ذریعے ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی روک تھام، قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ اس خصوصی ماحولیاتی گشت کو کریمنل سیکیورٹی سیکٹر میں شامل کرنے سے ایسے واقعات پر ردِعمل کا وقت کم ہوگا جو مقامی مسکن اور قدرتی ماحول کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، جبکہ یہ اقدام خطے میں خصوصی نوعیت کی پولیسنگ کی جانب ایک اہم پیش رفت بھی قرار دیا جا رہا ہے۔







