
خلیج اردو
ابوظبی نے بھارتی سیاحوں کے لیے مفت یو اے ای ٹورسٹ ویزا اسکیم متعارف کرادی ہے جس کے تحت اہل بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے سیاح تقریباً 285 درہم کے ویزا اخراجات بچا سکیں گے۔
اس اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کو 30 روزہ یو اے ای ٹورسٹ ویزا مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس کے لیے سیاحوں کو شریک ٹریول پارٹنرز کے ذریعے ابوظبی میں کم از کم تین راتوں پر مشتمل تعطیلاتی پیکیج بک کرنا ہوگا۔
یہ پائلٹ پروگرام یکم اگست سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا اور ابتدائی طور پر 20 ہزار مفت ویزے جاری کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کون مفت ویزا حاصل کرسکتا ہے؟
اس اسکیم سے تمام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط پوری کرتے ہوئے ابوظبی میں چھٹیوں کا پیکیج بک کریں۔
مفت ویزا ان ٹریول ایجنسیوں اور آن لائن ٹریول پارٹنرز کے ذریعے دستیاب ہوگا جو اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔
30 روزہ ٹورسٹ ویزا
اہل مسافروں کو 30 روزہ یو اے ای ٹورسٹ ویزا جاری کیا جائے گا۔ ویزا کے لیے عام امیگریشن قوانین اور دیگر ضروری شرائط پوری کرنا لازمی ہوں گی۔
اہم بات یہ ہے کہ صرف اہل تعطیلاتی پیکیج بک کرلینے سے ویزا جاری ہونا یقینی نہیں ہوگا۔ ہر درخواست کو متعلقہ حکام کی منظوری درکار ہوگی۔
سفر کی تاریخ اہم ہے
یکم اگست سے 31 اکتوبر 2026 کی مدت ویزا جاری ہونے کی نہیں بلکہ سفر کی تاریخوں کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے مسافروں کا ابوظبی کا سفر 31 اکتوبر 2026 تک مکمل ہونا ضروری ہے۔
اگر کوئی شخص 31 اکتوبر سے پہلے پیکیج بک کرلے یا ویزا حاصل کرلے لیکن اس کا سفر یکم نومبر یا اس کے بعد ہو تو وہ اس مفت ویزا اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوگا۔
خاندان کے لیے ویزوں کی کوئی مقررہ حد نہیں
پروگرام کے تحت ایک خاندان یا ایک بکنگ پر مفت ویزوں کی تعداد کی کوئی الگ حد مقرر نہیں کی گئی۔
یعنی اگر خاندان کے تمام افراد پروگرام کی شرائط پوری کرتے ہیں، جن میں ابوظبی میں کم از کم تین راتوں کا قیام بھی شامل ہے، تو ہر اہل فرد مفت ویزا حاصل کرسکتا ہے۔
البتہ پورے پائلٹ پروگرام کے دوران ابتدائی طور پر زیادہ سے زیادہ 20 ہزار ویزے جاری کیے جائیں گے۔
ویزا پراسیسنگ کا دورانیہ
مفت ویزا کے لیے درخواستیں یو اے ای کے امیگریشن حکام کے مقررہ معمول کے مطابق پراسیس ہوں گی۔
اس پروگرام کے لیے کوئی الگ یا تیز رفتار ویزا پراسیسنگ کا نظام مقرر نہیں کیا گیا۔
ٹریول ایجنسیوں کے لیے انتظام
مفت ویزے شریک ٹریول پارٹنرز اور آن لائن ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔
شرکت کرنے والے ٹریول آپریٹرز کی تفصیلات جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
پروگرام کے تحت ٹریول پارٹنرز ابوظبی کے محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے مقرر کردہ ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے بھی کام کرسکتے ہیں، جس صورت میں ویزا کی لاگت براہ راست ادا کی جائے گی۔
اگر ٹریول پارٹنر اپنے موجودہ ڈیسٹینیشن مینجمنٹ پارٹنر کے ذریعے ویزا جاری کرتا ہے تو ابوظبی کا محکمہ ثقافت و سیاحت ہر جاری کیے گئے ویزے کے لیے تقریباً 285 درہم واپس کرے گا۔
31 اکتوبر کے بعد اسکیم کا کیا ہوگا؟
ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ مفت ویزا اسکیم کو 31 اکتوبر کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا یا نہیں۔
اکتوبر 2026 کے بعد پائلٹ پروگرام کے نتائج اور اثرات کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد اس اسکیم کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔







