
(خلیخ اردو )متحدہ عرب امارات سال 2020 میں 76 شاہین آزاد کردیئے گئے ہیں ۔شیخ زاید فالکن ریلیز پروگرام کے تحت رواں سال 76 شاہین جنگل میں چھوڑ دیئے گئے۔
اس پروگرام کا آغاز 1995 میں کیا گیا اور اب تک 2 ہزار سے زیادہ شاہین آزاد کردیئے گئے ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں قازقستان میں 11 شاہینوں کو آزاد کرنے کے بعد یہ پروگرام ازبکستان منتقل ہوگیا جہاں 64 پیریگرائن اور 12 صقر عقاب رہا کئے گئے۔ اس کے ساتھ گزشتہ 25 سالوں کے دوران اس پروگرام کے تحت چھوڑے گئےشاہینوں کی کل تعداد 2002 ہو گئی ہے۔
یہ پروگرام صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آ ل نھیان کی سرپرستی میں شروع کیا گیا تھا اور اس کا مقصد حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کی حفاظت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کے ماحولیاتی تحفظ کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔
یہ پروگرام ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان اور الظفرہ خطے میں حکمرن کے نمائندے اور ماحولیاتی ایجنسی کے چیئرمین شیخ حمدان بن زاید آل نھیان کی حمایت میں کام کررہا ہے۔