
خلیج اردو
ابوظبی: ابوظبہی میں 17 سالہ ایلکس بِنائے کی ناگہانی موت نے خاندان، دوستوں اور کمیونٹی کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایلکس کو ایک خوش مزاج، باصلاحیت نوجوان کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے جو "ہمیشہ سب سے پہلے رضاکارانہ خدمات کے لیے آگے بڑھتا تھا” اور جہاں بھی ضرورت ہوتی، مدد کے لیے تیار رہتا تھا۔
طویل عرصے سے خاندان کے دوست اور چرچ کے رکن اے کے نے بتایا، "وہ ایک نہایت باصلاحیت فٹبالر اور شاندار مقرر تھا۔ وہ بہت خوش اخلاق اور چرچ کی سرگرمیوں میں ہمیشہ متحرک رہتا تھا۔ جب بھی کسی چیز کی ضرورت ہوتی، وہ سب سے پہلے آگے آتا تھا۔”
جمعرات کی سہ پہر ایلکس اپنے تیسرے منزلہ اپارٹمنٹ سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ حادثے کے وقت وہ اپنے والد کے ساتھ گھر پر موجود تھا، جو دوسرے کمرے میں کام میں مصروف تھے۔ واقعہ پیش آنے کے بعد عمارت کے چوکیدار نے والد کو اطلاع دی۔ ایلکس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شام میں دم توڑ گیا۔
اے کے نے بتایا کہ ایلکس فٹبال کا دیوانہ تھا اور اپنے اسکول کی ٹیم کا فخر سے حصہ تھا۔ کھیلوں کے علاوہ وہ وژوئل میڈیا میں کورس کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا، جس کا آغاز وہ اپنے امتحانی نتائج آنے کے بعد کرنا چاہتا تھا۔
ایلکس کی والدہ ایک سرکاری ہسپتال میں نرس ہیں اور حادثے کے وقت اپنی ڈیوٹی پر موجود تھیں۔
جمعہ کی شب ابوظبی میں منعقد ہونے والی تعزیتی دعائیہ تقریب میں 300 سے زائد افراد نے شرکت کی، جو کمیونٹی میں ایلکس کے اثر و رسوخ کا مظہر تھا۔
ایلکس کے ایک قریبی رشتہ دار رائے کے تھامس نے کہا، "اس کی خوش دلی کمال کی تھی — چاہے سامنے والا 70 سال کا ہو یا 13 سال کا، وہ ہمیشہ گلے لگا کر ملتا تھا۔”
دعائیہ تقریب میں مالایالم چرچ کمیونٹی کے فادر پیٹر پی ایم، جوبی کاری کان پلی اور فادر ٹام نے عبادات کی قیادت کی۔
ابوظبی میں مقیم ایک سماجی کارکن نے تصدیق کی ہے کہ ایلکس کی میت کی وطن واپسی کی تمام کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور میت کو ہفتہ کی رات بھارت روانہ کیا جائے گا۔
ان کی آخری رسومات اتوار، 27 اپریل کو کیرالہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائیں گی۔
ایلکس کے والدین گزشتہ 25 سالوں سے ابوظبی میں مقیم ہیں۔ تین بیٹوں میں سب سے چھوٹا ایلکس ابوظبی میں ہی پیدا اور پروان چڑھا تھا۔ اس کا بڑا بھائی بھارت میں میڈیکل انٹرن شپ کر رہا ہے جبکہ دوسرا بھائی پولینڈ میں فنانس کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق حادثے کی خبر ملتے ہی دونوں بھائی ابوظبی پہنچ گئے تھے۔ خاندان ہفتہ کی رات بھارت روانہ ہوگا تاکہ ایلکس کو سپردِ خاک کیا جا سکے۔