متحدہ عرب امارات

شیخ محمد بن زاید نے اتحاد ریل پر کرک چائے کو سراہا، اماراتی شیف خوشی سے سرشار

خلیج اردو
اتحاد ریل پر خصوصی مہمانوں کیلئے خدمات انجام دینے والی اماراتی شیف میثاء وارشا کو اس وقت خوشگوار حیرت ہوئی جب انہیں معلوم ہوا کہ ٹرین میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور دیگر اہم شخصیات سوار ہیں۔

شیف میثاء کے مطابق انہوں نے شیخ محمد بن زاید سے پوچھا کہ وہ کیا پینا پسند کریں گے، جس پر صدر نے دریافت کیا کہ کیا دستیاب ہے۔ شیف نے انہیں کرک، عربی کافی، سبز چائے اور کالی چائے کے بارے میں بتایا تو شیخ محمد بن زاید نے کرک چائے پسند کرتے ہوئے کہا کہ وہ روایتی انداز کی کرک پینا چاہتے ہیں۔

شیف میثاء نے گرم کرک پیش کی اور ساتھ پراٹھا بھی پیش کیا تاکہ اسے چائے میں ڈبو کر کھایا جاسکے، تاہم شیخ محمد بن زاید نے صرف کرک لینے کو ترجیح دی۔ شیف کے مطابق چائے پیش کرنے کے بعد صدر نے اسے اپنی زندگی کی بہترین کرک قرار دیا، جس پر وہ بے حد خوش اور شکر گزار ہوئیں۔

یہ ملاقات اتحاد ریل کی اس خصوصی سفری سروس کے دوران ہوئی جس میں میڈیا کو دبئی اور ابوظبی کے درمیان مسافر ٹرین سروس کے آغاز سے قبل سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینے کا موقع دیا گیا۔ محمد بن زاید سٹی اسٹیشن سے ال یلایس اسٹیشن تک ٹرین کا سفر تقریباً ایک گھنٹہ 4 منٹ میں مکمل ہوا۔

شیف میثاء نے بتایا کہ شیخ محمد بن زاید کی ٹرین پر آمد ان کیلئے حیران کن تھی، اگرچہ وہ اس سے پہلے بھی صدر سے ملاقات کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق صدر نے عام مسافروں سے پہلے ٹرین میں سفر کرکے اس کے انتظامات اور تجربے کا جائزہ لیا۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور اتحاد ریل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید آل نہیان بھی ٹرین میں موجود تھے۔ شیف کے مطابق انہوں نے کھانے کے مینو کی تفصیلات دیکھیں اور مختلف سوالات کیے۔

اتحاد ریل کے مینو میں کرک کے ساتھ پراٹھا بھی شامل کیا گیا ہے۔ شیف میثاء کے مطابق پراٹھا خالصتاً اماراتی کھانا نہیں لیکن یہ اماراتی معاشرتی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق صبح کے وقت کیفے ٹیریا جاکر پراٹھا اور کرک لینا اور پراٹھے کو کرک میں ڈبو کر کھانا ایک یادگار روایت بن چکی ہے، اسی لیے اسے ٹرین کے مینو میں شامل کیا گیا۔

شیف نے بتایا کہ پراٹھا اب ٹرین میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔ مینو کا مقصد مسافروں کو اماراتی ذائقوں سے متعارف کرانا اور مقامی کسانوں اور سپلائرز کی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔

ٹرین کے مینو میں ٹونا سینڈوچ کے ساتھ اماراتی لومی پاؤڈر، چکن سینڈوچ میں اچار اور لیمب سینڈوچ کے ساتھ کھجور کا جام شامل ہے، جبکہ سلاد میں ہریس کے اجزا استعمال کیے گئے ہیں۔ شیف کے مطابق ٹرین کیلئے زیادہ تر تازہ اشیا مقامی کسانوں سے خریدی جاتی ہیں تاکہ متحدہ عرب امارات میں زراعت کے فروغ میں بھی کردار ادا کیا جاسکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button