
خلیج اردو
دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام ایک خط تحریر کیا ہے، جس میں انہوں نے شیخ زاید کو اپنا استاد، رہنما اور زندگی بھر کیلئے متاثر کرنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت اور ورثے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شیخ محمد بن راشد نے یہ خط اپنی نئی کتاب ’’دی لیٹرز‘‘ کا حصہ بنایا ہے۔ انہوں نے خط میں شیخ زاید کو ’’والد‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور بتایا کہ ان کی قیادت سے انہوں نے اتحاد، مستقبل پر توجہ، لوگوں کی خدمت اور قومی ترقی سمیت اہم اصول سیکھے۔
خط میں شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ شیخ زاید ثابت قدمی اور وقار کی آواز تھے اور ہمیشہ اتحاد، ضرورت مندوں کی مدد اور ملک کی تعمیر و ترقی پر توجہ مرکوز رکھتے تھے۔ ان کے مطابق شیخ زاید کی دانش اور بصیرت نے انہیں ہمیشہ کیلئے امر کردیا ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ترقی اور کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے، تاہم ملک آج بھی ان اقدار پر قائم ہے جو شیخ زاید کے وژن کا حصہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زاید کے بیٹوں، پوتوں اور اماراتی عوام کی قیادت میں ملک نے ایسی ترقی کی ہے جو بانی کو فخر اور خوشی کا احساس دلاتی۔
خط میں شیخ زاید اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ خصوصیات میں بہادری، وقار، انسانیت، لوگوں سے محبت، دانش، نیک نیتی، اتحاد، عزم، ثابت قدمی، طاقت، بلند حوصلگی، مستقل مزاجی، عاجزی، رحم دلی، سخاوت اور مہربانی کا ذکر کیا گیا۔
شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ انہوں نے شیخ زاید سے اختلاف کے بجائے اتفاق کے پہلو تلاش کرنا، ماضی کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا اور لوگوں کو متحد، مضبوط اور بلند کرنے والی چیزوں کیلئے کام کرنا سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ زاید سے یہ بھی سیکھا کہ انسان دوسروں کے ذہنوں اور دلوں میں زندہ رہ سکتا ہے اور اپنے انتقال کے بعد بھی بلند مقام برقرار رکھ سکتا ہے۔ ان کے مطابق انسان اپنے لیے جو کام کرتا ہے وہ عارضی ہوتا ہے، جبکہ دوسروں کیلئے کیا جانے والا کام دیرپا اثر چھوڑتا ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے خط کے اختتام پر شیخ زاید کی خدمات، قیادت، سخاوت اور قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میدان میں سب سے آگے تھے اور آج بھی اسی مقام پر ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ متحدہ عرب امارات اتحاد، انسانیت اور ترقی کے اصولوں کے ساتھ شیخ زاید کے نقش قدم پر چلتا رہے گا۔







