متحدہ عرب امارات

ابوظبی بگ ٹکٹ: 2 کروڑ 50 لاکھ درہم جیتنے والا بھارتی شہری 10 سال تک اپنی رقم ہاتھ نہ لگانے کا عزم

خلیج اردو
سعودی عرب کے شہر الخبر میں مقیم 36 سالہ بھارتی شہری محمد رضوان سی کے نے بگ ٹکٹ ابوظبی کے 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کے جیک پاٹ میں حصہ جیت کر خوشی تو محسوس کی ہے، مگر انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی رقم کو کم از کم 10 سال تک ہاتھ نہیں لگائیں گے۔ رضوان، جو پیشے کے اعتبار سے آئل رِگز پر ہیلتھ اینڈ سیفٹی آفیسر ہیں، 16 افراد کے اس گروپ کا حصہ ہیں جس نے جیتنے والا ٹکٹ خریدا تھا۔

رضوان نے کہا کہ وہ اس رقم کو روزمرہ اخراجات کیلئے استعمال نہیں کریں گے کیونکہ یہ ان کا ریٹائرمنٹ فنڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی تمام رقم ابو ظہبی، سعودی عرب اور دیگر محفوظ مقامات پر اس طرح سرمایہ کاری کریں گے کہ یہ رقم وقت کے ساتھ بڑھے اور مستقبل کیلئے مضبوط سہارا بنے۔

رضوان 2016 سے بگ ٹکٹ میں حصہ لے رہے ہیں اور 2022 میں اپنے نئے ساتھیوں کے ساتھ اس گروپ میں شامل ہوئے جو باقاعدگی سے رافلز میں شرکت کرتا ہے۔ وقت کے ساتھ گروپ میں آنے جانے والے لوگ بدلتے رہے مگر 16 افراد مستقل شریک رہے۔ رضوان کو جیت کی خبر اس وقت ملی جب وہ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ خریداری میں مصروف تھے، انہوں نے بیک وقت 60 سے زائد پیغامات دیکھ کر گھبراہٹ میں گروپ کھولا تو لائیو ڈرا کی ویڈیو موجود تھی۔

رضوان اور ان کے ساتھی ابھی تک اس غیرمتوقع کامیابی پر حیران ہیں۔ کئی اراکین آف شور کام کرتے ہیں، اس لیے جشن اب تک نہیں منایا گیا۔ رضوان کیلئے یہ انعام ان کے ماں باپ (جو بھارت میں مقیم ہیں) اور اپنی نوجوان فیملی کیلئے مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے۔ ان کے مطابق یہ رقم ابھی خرچ کرنے کیلئے نہیں بلکہ آئندہ زندگی، ریٹائرمنٹ اور تحفظ کیلئے محفوظ رکھی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button