
خلیج اردو
دبئی: جنوبی بھارتی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی جانب سے اونم کا تہوار بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر امارات بھر میں مختلف ریستورانوں نے خصوصی اوناسادھیا (اونم کی ضیافت) کا اہتمام کیا ہے، جس میں 30 سے زائد اقسام کے پکوان شامل ہیں۔
امارات ایئرلائن نے بھی دبئی سے کوچین اور ترواننت پورم جانے والی پروازوں میں مسافروں کو روایتی اونم مینو پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں کیلا چپس، دہی میں بھگوئی ہوئی مرچیں، ناریل اور دہی سے تیار کردہ سالن، اور ادرک پر مبنی چٹنی شامل ہوگی۔ میٹھوں میں چاول کی کھیر اور دال کا پیسَم مسالہ جات کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
دبئی کے برج خلیفہ میں واقع ریسٹورنٹ Armani/Amal بھی اس موقع پر تین کورس پر مشتمل خصوصی مینو پیش کر رہا ہے، جہاں کھانے کے ساتھ دبئی فاؤنٹین اور ڈاؤن ٹاؤن دبئی کا دلکش منظر بھی نظر آئے گا۔
اسی طرح ایک بڑا اجتماع ایکسپو سینٹر شارجہ میں 7 ستمبر کو ہوگا جس میں 8 ہزار سے زائد افراد شریک ہوں گے، جہاں لائیو کنسرٹس، اونم کھیل اور دیگر سرگرمیاں بھی ہوں گی۔
دبئی کے اوپرا ڈسٹرکٹ میں لگژری ریسٹورنٹ Jamvar نے پہلی بار اوناسادھیا تیار کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں سبزیوں کے ساتھ مچھلی اور جھینگوں کے سالن بھی پیش کیے جائیں گے۔
ریستوران Meat and Mackerel نے روایتی اوناسادھیا کو دبئی کی معروف پستہ کنوفہ اور دیگر فلیورز کے ساتھ فیوژن انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو صرف 5 ستمبر کو دستیاب ہوگی۔
جبکہ جمیرا میں واقع انڈین ریسٹورنٹ Khadak پر مشہور شیف سیمی میتھیوز نے اونم مینو کو مٹن اور جھینگوں کے سالن سمیت جدید انداز میں تیار کیا ہے، جس کا اختتام روایتی پیسَم کو کیریملائزڈ کیلے اور آئس کریم کے ساتھ پیش کر کے کیا جائے گا۔
Burj Khalifa to Emirates flight: Unique Onam food spreads to try in UAE






