متحدہ عرب امارات

 دبئی میں مساجد کے اطراف 24 گھنٹے پےڈ پارکنگ کا نفاذ، نماز کے اوقات میں ایک گھنٹہ مفت پارکنگ کی سہولت

خلیج اردو
دبئی: اگست 2025 سے دبئی کی 59 مساجد کے اطراف 2,100 پارکنگ مقامات پر 24 گھنٹے پےڈ پارکنگ سروسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ تاہم نماز کے اوقات میں نمازیوں کیلئے ایک گھنٹے کی مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان پارکنگ مقامات کو ‘زون ایم’ (معیاری) اور ‘زون ایم پی’ (پریمیم) میں تقسیم کیا گیا ہے، جنہیں پارکن کمپنی کے زیر انتظام کیا جائے گا۔

زون ایم میں پارکنگ کا نرخ 2 درہم آدھے گھنٹے کیلئے اور 4 درہم فی گھنٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ زون ایم پی میں آف پیک اوقات میں یہی نرخ لاگو ہوں گے، جبکہ پیک اوقات میں نرخ بڑھا کر 3 درہم آدھے گھنٹے اور 6 درہم فی گھنٹہ مقرر کیے جائیں گے۔ 59 میں سے 41 مساجد زون ایم جبکہ 18 زون ایم پی میں شامل ہوں گی۔

پارکن کمپنی نے اسلامی امور و فلاحی سرگرمیاں ڈیپارٹمنٹ (IACAD) کے ساتھ ریونیو شیئرنگ معاہدہ کیا ہے تاکہ مساجد کے اطراف پارکنگ کی سہولیات کو مؤثر انداز میں منظم کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد پارکنگ کی جگہوں کے غلط استعمال کو روکنا اور نمازیوں کیلئے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

پارکن کمپنی کے سی ای او انجینئر محمد عبداللہ العلی نے کہا کہ یہ اقدام مساجد کے اطراف پارکنگ کے مؤثر استعمال اور نمازیوں کے تجربے کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ IACAD کے ڈائریکٹر جنرل احمد درویش المہیری نے کہا کہ یہ شراکت داری مساجد کی خدمات میں بہتری اور دبئی میں مذہبی زندگی کے معیار کو بلند کرنے کی جانب ایک نیا قدم ہے۔

اس منصوبے سے پارکن کمپنی کے نجی پارکنگ پورٹ فولیو میں 20,800 نئی جگہوں کا اضافہ ہوگا، جبکہ مستقبل میں دیگر مساجد تک اس منصوبے کو وسعت دینے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button