
خلیج اردو
یکم نومبر 2021
دبئی : دبئی اس مہینے دنیا کے سب سے بڑے اور جدید ایئرشو کی میزبانی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔ ایسے میں جب دنیا بھر میں سفری بندشوں میں نرمی آرہی ہے اور کرونا وباء سے بحالی کا سفر تیز تر ہورہا ہے ، یہ شو وباء کے خاتمے کی عکاسی کرے گا۔
پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شو کے منتظمین نے کہا کہ پانچ روزہ ایونٹ دبئی ورلڈ سینٹرل میں 14 سے 18 نومبر 2021 تک 148 ممالک کے 1,200 سے زیادہ نمائش کرنے والوں کو راغب کرے گا۔
معروف مینوفیکچررز اور ایئر لائنز کے 160 سے زیادہ طیارے نمائش پر ہوں گے۔ سعودی فوجی جیٹ طیارے، امریکہ، روس اور متحدہ عرب امارات کی ملکیت الفرسان ایروبیٹک ٹیم شو کے 17 ویں ایڈیشن کے دوران مہمانوں کو سنسنی خیز تفریح فراہم کریں گے۔
دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین اور ایمریٹس گروپ کے چیئرمین اور سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ یہ ایئر شو جدید ٹیکنالوجی اور جدیدیت پر مشتمل ہوگا جو مستقبل کا فیصلہ ہوگا اور نقل و حرکت، ہوا بازی اور خلا میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت کو ظاہر کرے گا۔
ہوائی جہاز کے ممکنہ آرڈر اور ڈیل کے اعلانات کے بارے میں سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ تقریب میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف معاہدوں کے حوالے سے کافی پرعزم ہیں۔ ایسے میں جب ایوی ایشن انڈسٹری بحالی کے راستے پر ہے تو ہمیں معاہدے کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس شو میں ایمریٹس اہم اعلان بھی کرے گا۔
پچھلا شو جو 2019 میں تھا، اس میں 54.5 بیلین ڈالر کی سیل ہوئی تھی۔ شیخ احمد نے کہا کہ ایمریٹس ایئر لائن دبئی ایئر شو سے پہلے اور اس کے دوران بوئنگ کے ساتھ اپنے ایکس 777 طیاروں کے آرڈر پر بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ناقابل یقین ترقی کی وجہ سے ہوا بازی کی صنعت 2025 میں وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر واپس آ سکتی ہے۔
خلیج ٹائمز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم 2025 سے پہلے مکمل بحالی حاصل کر سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ دبئی ہوائی اڈے اس سال اپنے 27 ملین بین الاقوامی مسافروں کے ہدف سے تجاوز کر جائیں گے۔
ٹارسز ایرو اسپیس کے مینیجنگ ڈائریکٹر ٹم ہاوز نے کہا کہ دبئی ایئر شو کا 17 واں ایڈیشن ایرو اسپیز اور دفاعی صنعت کی اعلیٰ شخصیات کو ایک ساتھ لائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب سخت حفاظتی اقدامات کے تحت منعقد کی جائے گی اور کرونا سے متعلق تمام ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ سیاحوں کی حفاظت کیلئے ماسک پہننا، سماجی دوری اور دیگر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ پانچ روزہ شو اپنی نئی خصوصیات اور مصروف کیلنڈر کی وجہ سے 80,000 سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے تیار ہے۔
Source : Khaleej times