متحدہ عرب امارات

دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز، 260 ملین مسافروں کی گنجائش ہوگی

خلیج اردو
دبئی: دبئی نے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ٹھیکوں کی منظوری اور ابتدائی تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا ہے، جو تکمیل کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا۔

دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین اور ایمریٹس ایئرلائن گروپ کے سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ سال اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد سے اس میگا پراجیکٹ پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران نے اس ایئرپورٹ کی منظوری دی تھی جس کی حتمی مسافروں کی گنجائش 260 ملین رکھی گئی ہے۔ تمام فضائی آپریشنز موجودہ دبئی انٹرنیشنل (DXB) سے منتقل ہو کر 128 ارب درہم کی لاگت سے بننے والے المکتوم انٹرنیشنل (DWC) پر انجام دیے جائیں گے، جو آئندہ 10 سال میں DXB کو مکمل طور پر جذب کر لے گا۔

شیخ احمد کا کہنا تھا کہ اس پیمانے کے ایئرپورٹ کی تیاری ایک نہایت پیچیدہ عمل ہے۔ "ہم نے ایئرلائنز، گراؤنڈ سروس کمپنی dnata اور دیگر اداروں کے ساتھ بھرپور مشاورت کے بعد ایسا منصوبہ ترتیب دیا ہے جس سے افتتاح کے دن ہر چیز مکمل اور مؤثر انداز میں کام کرے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ صرف تربیتی پہلو کے لیے تقریباً 12 ماہ درکار ہوں گے تاکہ افتتاحی دن کوئی خلل نہ ہو۔ "موجودہ ٹرمینلز کی تیاری میں بھی 3 سے 4 ماہ لگے تھے، ہم افتتاحی دن کو مکمل بنانا چاہتے ہیں۔”

ریکارڈ منافع اور نئے طیاروں کا آرڈر

مقامی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شیخ احمد نے انکشاف کیا کہ 2024-25 کا مالی سال بھی ایمریٹس گروپ کے لیے ایک اور ریکارڈ سال ثابت ہوگا۔ پچھلے سال گروپ نے 18.7 ارب درہم کا ریکارڈ منافع حاصل کیا، جو پچھلے سال کی نسبت 71 فیصد زیادہ ہے۔

مجموعی آمدنی 15 فیصد اضافے کے ساتھ 137.3 ارب درہم رہی، جبکہ سال کے اختتام پر کیش ریزرو بھی ریکارڈ 47.1 ارب درہم تک پہنچ گیا۔ شیخ احمد کے مطابق ایئرلائن نے ایندھن کے تحفظ کے لیے بھی بہترین حکمت عملی اپنائی ہے۔

ایئرلائن اپنے بیڑے کے 90 فیصد طیاروں کو نئے انداز میں ریٹروفٹ کر رہی ہے، اور فی الوقت 261 طیاروں کے ساتھ مزید 300 سے زائد طیاروں کے آرڈر دیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ ممکنہ طور پر دبئی ایئر شو میں مزید آرڈرز کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

’کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے‘

عالمی ٹیرف تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے شیخ احمد نے کہا کہ ابھی اس پر پیشگی رائے دینا قبل از وقت ہوگا، تاہم وہ پرامید ہیں کہ یہ مسئلہ کاروبار کو متاثر نہیں کرے گا۔ کچھ کمپنیاں اور ممالک ممکنہ رکاوٹوں سے پہلے ہی متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں، جو کہ ایک بہتر حکمت عملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمریٹس ایئرلائن اپنے پورے نیٹ ورک پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے اور سفر کرنے والوں میں کوئی خاص کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

علاقائی اور عالمی سطح پر جاری جیو پولیٹیکل تناؤ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایئرلائنز ان مسائل سے نمٹنے کی عادی ہو چکی ہیں اور فوری ردعمل دینا جانتی ہیں۔ "دنیا کبھی بھی مسائل سے خالی نہیں ہوگی، ہمیں ہر وقت چوکنا رہنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button