متحدہ عرب امارات

دبئی کے معروف بزنس مین سی جے رائے انکم ٹیکس چھاپے کے دوران انتقال کر گئے

خلیج اردو
دبئی میں مقیم معروف بھارتی بزنس مین اور کنفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر سی جے رائے بھارت میں انتقال کر گئے، ایک قریبی خاندانی دوست نے خلیج ٹائمز کو تصدیق کی ہے۔ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔

خاندانی دوست کے مطابق ڈاکٹر سی جے رائے کی موت کو جاری انکم ٹیکس چھاپوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، “چھاپے کے دوران ان سے مسلسل پوچھ گچھ کی گئی اور دباؤ ڈالا گیا، وہ اپنے دفتر میں چلے گئے اور پھر فائر کی آواز سنائی دی، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے۔”

ڈاکٹر سی جے رائے دبئی کے طویل المدتی رہائشی اور گولڈن ویزا ہولڈر تھے۔ وہ اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔

کنفیڈنٹ گروپ کے بارے میں
کنفیڈنٹ گروپ 2006 میں قائم کیا گیا، جس نے منصوبہ جاتی فنانسنگ میں زیرو ڈیٹ ماڈل کو ترجیح دی۔ 2024 میں کمپنی نے دبئی میں اپنا پہلا منصوبہ کنفیڈنٹ لنکاسٹر متعارف کرایا جبکہ 2025 میں کنفیڈنٹ پریسٹن کا اعلان کیا گیا۔

کمپنی نے ہوٹلنگ، تعلیم، تفریح اور تعمیراتی مواد سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی۔ 57 سالہ ڈاکٹر سی جے رائے سلوواک ریپبلک کے اعزازی قونصل بھی رہے اور تجارتی و ثقافتی تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر سی جے رائے دبئی کے علاقے ایمیریٹس ہلز میں رہائش پذیر تھے اور سماجی رابطوں پر خاصے متحرک رہتے تھے۔ وہ گاڑیوں کے شوقین تھے اور ان کے ذخیرے میں بگاٹی اور رولز رائس جیسی قیمتی گاڑیاں شامل تھیں۔ گزشتہ برس نومبر میں انہوں نے اپنی پہلی گاڑی، ماروتی 800، کو دوبارہ خریدنے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے مہم بھی چلائی تھی۔

وہ ایک معروف سماجی خدمت گار بھی تھے اور گزشتہ ماہ کے ایم سی سی دبئی کے تعاون سے کیرالہ کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے تقریباً 20 ملین درہم کے فلاحی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق، ڈاکٹر سی جے رائے کی اچانک موت نے کاروباری اور سماجی دنیا میں گہرے سوالات اور تشویش کو جنم دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button