
خلیج اردو
عالمی شہرت یافتہ فیشن ریٹیل برانڈ پرائمارک نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای میں اس کی پہلی برانچ 26 مارچ 2026 کو دبئی مال میں کھولی جائے گی، جس پر برانڈ کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پرائمارک نے گزشتہ برس مئی میں دبئی آمد کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں یو اے ای میں آپریشن شروع کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق دبئی میں صرف ایک نہیں بلکہ تین شاپنگ مقامات پر اسٹورز کھولے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے خبر کا خیرمقدم کیا، ایک صارف نے کہا، “13 سال دبئی میں گزارنے کے بعد یہ خبر بہت خوشی دے گئی ہے” جبکہ ایک اور نے کہا، “بے صبری سے انتظار ہے۔” بعض صارفین نے ابوظہبی میں بھی اسٹور کھولنے کا مطالبہ کیا۔
کمپنی کے مطابق دبئی مال کے بعد مردف سٹی سینٹر میں اپریل 2026 جبکہ مال آف دی ایمیریٹس میں مئی 2026 میں اسٹور کھولا جائے گا۔
پرائمارک نے اکتوبر میں کویت میں بھی اپنا اسٹور کھولا تھا۔ خلیجی خطے میں مزید توسیع کے تحت کمپنی نے قطر اور بحرین میں بھی نئے اسٹورز کھولنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
پرائمارک لمیٹڈ آئرلینڈ کی ملٹی نیشنل فیشن ریٹیل کمپنی ہے، جس کا صدر دفتر ڈبلن میں واقع ہے اور یورپ و امریکا میں اس کے 476 اسٹورز کام کر رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، پرائمارک کی یو اے ای آمد سے فیشن ریٹیل مارکیٹ میں مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔







