
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈرون اور میزائل کے ملبے سے متعلق چند واقعات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں بعض عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق الشندغہ کے علاقے البدعہ میں ایک ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ اسی طرح ایک اور واقعے میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کامیاب کارروائی کے بعد میزائل کا ملبہ شیخ زاید روڈ پر واقع ایک عمارت کے بیرونی حصے پر گرا۔ حکام کے مطابق دونوں واقعات میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
حکام نے بتایا کہ علی الصبح تقریباً دو بج کر پینتالیس منٹ پر دبئی کریک ہاربر کے ایک رہائشی ٹاور پر بھی ایک ڈرون گرا۔ اس واقعے کے بعد عمارت کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا جبکہ معمولی آگ لگنے کی اطلاع ملی جسے سول ڈیفنس ٹیموں نے فوری طور پر بجھا دیا۔
بدھ کے روز دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب بھی دو ڈرون گرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق واقعے کے باوجود فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا تاہم چار افراد زخمی ہوئے جن میں دو گھانا کے شہری، ایک بنگلہ دیشی شہری معمولی زخمی جبکہ ایک بھارتی شہری درمیانے درجے کی چوٹوں کا شکار ہوا۔
اسی دوران ابوظہبی کے پرانے ہوائی اڈے کے قریب بھی ایک آگ بھڑک اٹھی جب متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی ڈرون کو تباہ کیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی الرٹ جاری ہونے کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔
متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام نے شہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں اور عام شہریوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور اس طرح کے اقدامات علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث شہری علاقوں میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں تاکہ ممکنہ خطرات کو فوری طور پر ناکام بنایا جا سکے۔







