
خلیج اردو
ایمریٹس ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ دبئی سے بھارتی شہر حیدرآباد جانے والی پرواز EK526 کو جمعے کے روز ممکنہ سکیورٹی دھمکی موصول ہوئی، جس کے بعد ہنگامی سکیورٹی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے طیارے کو حیدرآباد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ ایئرلائن کے مطابق بھارتی حکام نے فوری کارروائی کی اور تمام مسافروں کو معمول کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس کے بعد اتارا گیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس کے بعد طیارہ صبح 8 بج کر 30 منٹ پر محفوظ طریقے سے لینڈ کرایا گیا۔ حکام نے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام معیاری حفاظتی اقدامات کیے۔
ایمریٹس نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی ایئرلائن کی اولین ترجیح ہے۔ ایمریٹس دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی ایئرلائن ہے جو بھارت کے متعدد شہروں کے لیے پروازیں چلاتی ہے جن میں ممبئی، حیدرآباد، احمد آباد، چنئی، بینگلورو، کوچی، دہلی، کولکتہ اور تروواننت پورم شامل ہیں۔







