متحدہ عرب امارات

دبئی: شاپنگ مال کے پارکنگ گیٹ کو جان بوجھ کر ٹکر مار کر فرار ہونے والا شخص گرفتار، 3 ہزار درہم جرمانہ

خلیج اردو

دبئی میں ایشیائی نژاد 26 سالہ شخص کو شاپنگ مال کے الیکٹرانک پارکنگ گیٹ کو جان بوجھ کر ٹکر مارنے اور موقع سے فرار ہونے پر جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ عدالت کے ریکارڈ کے مطابق ملزم نے گاڑی گیٹ سے ٹکرانے کے بعد فرار ہو کر قوانین کی خلاف ورزی کی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ڈرائیور کی شناخت کی اور معاملہ پبلک پراسیکیوشن کو بھجوایا، جس نے اس پر املاک کو نقصان پہنچانے اور حادثے کی جگہ سے فرار ہونے کے الزامات عائد کیے۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے لاپرواہی سے گاڑی چلائی، مناسب فاصلہ برقرار نہ رکھا اور گیٹ کو ٹکر مار کر توڑ دیا۔ بعد ازاں وہ موقع سے فرار ہوگیا، جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پولیس رپورٹ، حادثے کا خاکہ اور روڈ ایکسیڈنٹ ایکسپرٹ کی رائے سے یہ ثابت ہوا کہ ملزم واقعے کا ذمہ دار ہے۔ شاپنگ مال کے سکیورٹی مینیجر نے بھی گواہی دی کہ عملے نے ملزم کو جان بوجھ کر گیٹ سے ٹکراتے دیکھا۔

تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کا پارکنگ کارڈ گم ہو گیا تھا اور وہ جلدی میں گیٹ بند ہونے سے پہلے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا، اسی دوران ٹکر ہوئی اور وہ گھبراہٹ میں فرار ہو گیا۔ اس نے عدالت سے نرمی کی درخواست کی۔

دبئی ٹریفک کورٹ نے اسے مجرم قرار دیتے ہوئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق نرم سزا کا اطلاق کیا اور 3 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button