
خلیج اردو
دبئی کی واحد ٹول گیٹ آپریٹر کمپنی سلیک کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کے بعد اس کی بین الاقوامی ریٹنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی نے پچھلے ایک سال کے دوران ویری ایبل ٹول پرائسنگ کا آغاز کیا، دو نئے ٹول گیٹس شامل کیے اور شاندار مالی نتائج جاری کیے، جس کے نتیجے میں فچ ریٹنگز نے سلیک کی انویسٹمنٹ گریڈ ریٹنگ A- سے بڑھا کر A کر دی، جس کا آؤٹ لک بھی مستحکم قرار دیا گیا ہے۔
کمپنی نے دبئی فنانشل مارکیٹ میں بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ فی الحال اس کا عوامی قرض جاری کرنے کا کوئی فوری ارادہ نہیں ہے۔ سلیک نے 31 جنوری 2025 سے ویری ایبل ٹول پرائسنگ متعارف کرائی جبکہ نومبر 2024 میں بزنس بے کراسنگ (الخیل روڈ) اور السفا ساؤتھ (شیخ زاید روڈ) پر نئے ٹول گیٹس فعال کیے، جس کے بعد دبئی میں کل ٹول گیٹس کی تعداد 10 ہو گئی۔
سلیک نے سال کے پہلے نو مہینوں میں 1.14 ارب درہم کا خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 39.1 فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی کی بیلنس شیٹ مضبوط ہے، لیکویڈیٹی بہترین ہے اور کیش فلو مسلسل مضبوط انداز میں بڑھ رہا ہے۔ 30 ستمبر 2025 تک کمپنی کا نیٹ ڈیٹ ٹو ایبیٹڈا ریشو 2.61x ریکارڈ کیا گیا جو مقررہ حد 5.0x سے کہیں کم ہے، جبکہ 1.47 ارب درہم کا فری کیش فلو بھی حاصل ہوا، جس میں 39.5 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا۔
ریٹنگ میں اضافے کی دیگر وجوہات میں دبئی کے ٹول سسٹم میں سلیک کی خصوصی حیثیت، کم قرض اور آر ٹی اے کے ساتھ طویل المدتی کنسیشن ایگریمنٹ شامل ہیں، جو مستقبل کی کیش فلو جنریشن کو مستحکم بناتے ہیں۔ چیئرمین مطر الطائر نے کہا کہ یہ اپ گریڈ بین الاقوامی اداروں کے اعتماد، سلیک کی مضبوط مالی حالت اور اعلیٰ انتظامی کارکردگی کی واضح علامت ہے۔
سی ای او ابراہیم سلطان الحداد نے کہا کہ پہلے نو مہینوں کی غیر معمولی کارکردگی کے بعد ریٹنگ کا اپ گریڈ کمپنی کی کامیاب حکمت عملی کی توثیق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس وقت قرض جاری کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، مگر مستحکم انویسٹمنٹ گریڈ پروفائل کمپنی کو مستقبل میں کیپیٹل مارکیٹس تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔







