خلیج اردو: دبئی میں قائم ایک نجی اسکول GEMS نے انکشاف کیا ہے کہ نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KHDA) کی جانب سے شہر میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے اعلان کے بعد وہ اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ جلد ہی کریں گے۔
جی ای ایم ایس ایجوکیشن کے گروپ سی ای او ڈینو ورکی نے اعلان کیا کہ وہ امسال اپریل میں ہندوستانی نصابی اسکولوں اور ستمبر میں بین الاقوامی اسکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا شروع کریں گے ۔
مجموعی طور پر، دبئی میں نجی اسکولوں میں داخلے میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 3 سالوں میں شہر میں 22 نئے سکول کھلے ہیں جس سے ان کی کل تعداد 216 ہو گئی ہے۔
کے ایچ ڈی اے نے حال ہی میں دبئی میں نجی اسکولوں کو 2023-24 تعلیمی سال میں ٹیوشن فیس میں 3% اضافہ کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس فیصلے کا اعلان شہر کی موجودہ معاشی صورتحال اور معیاری تعلیم کو برقرار رکھنے کے لیے نجی اسکولوں کے آپریشنل اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔
اسکول ٹیوشن فیس میں کتنی مقدار میں اضافہ کرسکتے ہیں اس کا انحصار دبئی اسکولز انسپیکشن بیورو کی معائنہ کی درجہ بندی پر ہے۔
قواعد کے مطابق، پرائیویٹ سکولز، انسپیکشن ریٹنگ کو برقرار رکھتے ہوئے، فیسوں میں 3 فیصد اضافہ کر سکتے ہیں۔ تاہم، جن اسکولوں کی انسپکشن ریٹنگ میں کمی آئی ہے، وہ فیس میں اضافے کے اہل نہیں ہوں گے۔