
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی آن لائن قربانی اور گھر تک گوشت کی فوری ترسیل کی خدمات کی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ مختلف ریٹیل کمپنیوں نے طلب میں 200 فیصد تک اضافے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
LuLu Hypermarket نے گزشتہ برس متعارف کرائی گئی “اُضحیہ” سروس کیلئے اس سال ریکارڈ طلب کی توقع ظاہر کی ہے۔ لولو گلوبل آپریشنز کے ڈائریکٹر سلیم ایم اے کے مطابق کمپنی نے گزشتہ ہفتے پری آرڈرز شروع کیے تھے اور آن لائن و اسٹورز دونوں جگہ صارفین کا ردعمل انتہائی زبردست رہا۔
کمپنی اس سال مقامی عربی دنبے کے ساتھ صومالیہ اور بھارت سے درآمد شدہ بھیڑیں بھی فراہم کر رہی ہے۔ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں 859 درہم سے شروع ہو رہی ہیں جبکہ اونٹ کے بچے کی قیمت 4 ہزار 489 درہم مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب Noon نے آن لائن قصائی پلیٹ فارم Zabehaty کے اشتراک سے 15 منٹ میں قربانی کے گوشت کی ڈیلیوری سروس متعارف کر رکھی ہے، جسے صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
نون کے مطابق گزشتہ برس ایپ کے ذریعے سینکڑوں قربانی آرڈرز اور عطیات موصول ہوئے تھے، جس سے واضح ہوا کہ لوگ عید کے موقع پر تیز، آسان اور ڈیجیٹل سہولیات کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس سال صارفین کو گائے، اونٹ اور مختلف اقسام کی بھیڑوں میں سے انتخاب کی سہولت دی گئی ہے، جن میں صومالی، کشمیری، نعیمی اور جزیری نسلیں شامل ہیں۔ قیمتیں 1050 درہم سے شروع ہو رہی ہیں۔
نون کی نمائندہ یمنا اشرف خلیفہ کے مطابق قربانی کے آرڈرز عموماً عید کے قریب بڑھ جاتے ہیں اور عید کے پہلے دن اپنی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہیں۔ گزشتہ برس کشمیری اور صومالی بھیڑیں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اقسام رہیں۔
کمپنی نے واضح کیا کہ عالمی لاجسٹک چیلنجز کے باوجود اس سال جانوروں کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، تاہم آرڈرز کی آخری تاریخ 23 مئی مقرر کی گئی ہے یا اسٹاک ختم ہونے تک بکنگ جاری رہے گی۔
یو اے ای کے اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں کے ادارے کے مطابق رواں برس قربانی کے نرخ 350 سے 800 درہم کے درمیان مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یو اے ای میں ڈیجیٹل قربانی کے بڑھتے رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی مذہبی روایات کو بھی آسان اور تیز تر انداز میں عوام تک پہنچا رہی ہے۔







