
خلیج اردو
دبئی، 18 اپریل: متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن ایمریٹس کی جانب سے افریقی طلبہ کے لیے متعارف کرائی گئی ’ایئرکرافٹڈ‘ اسکول بیگز مہم کو حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے "خوبصورت اقدام” قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔
اس منفرد مہم کے تحت تیار کردہ بیگز جہاز کے اصل حصوں سے بنائے گئے ہیں، جنہیں افریقہ کے اسکولوں میں طلبہ کو مفت فراہم کیا گیا۔ ایمریٹس کے زمبابوے میں کنٹری مینیجر طلال الجرگاوی کے مطابق، 191 طیاروں سے 50,000 کلوگرام میٹیریل اکٹھا کیا گیا جس سے یہ محدود ایڈیشن بیگز تیار کیے گئے۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں طلبہ کو یہ خصوصی بیگز استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ زیمبیا کے کنٹری مینیجر عمر بوشلائبی کا کہنا تھا کہ اگرچہ بیگز کا مواد طیاروں سے لیا گیا، تاہم انہیں مکمل طور پر نیا اور معیاری بنایا گیا ہے تاکہ طلبہ کے لیے کارآمد اور دلکش ہوں۔
شیخ محمد بن راشد نے ایمریٹس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور اسے انسان دوستی کا خوبصورت مظہر قرار دیا۔
طلبہ اور اسکول انتظامیہ نے ایمریٹس کے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ جینا سیکنڈری اسکول کی ہیڈ ٹیچر ایلارم چالوسا نے کہا کہ "یہ ہمارے لیے باعث مسرت ہے کہ ایمریٹس ہم جیسے دور افتادہ علاقوں کے بچوں کے بارے میں سوچتی ہے”۔
روز آف شیروں اسکول کی بانی ڈاکٹر فاطمہ ماروٹا نے کہا کہ یہ مہم صرف بیگز فراہم کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ ضرورت مندوں کے لیے آرام، عزت نفس اور عملی مدد کی علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ سادہ سی اشیاء بچوں کی روزمرہ زندگی میں حقیقی فرق پیدا کر سکتی ہیں۔






