عالمی خبریں

اٹلی میں کیبل کار حادثہ، 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

خلیج اردو
نیپلز:اٹلی کے جنوبی شہر نیپلز کے قریب ایک کیبل کار گرنے کے باعث کم از کم چار افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ جمعرات کو مونٹے فائیٹو نامی پہاڑی مقام پر پیش آیا جو نیپلز سے تقریباً 45 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی EAV کے چیئرمین اومبرٹو دی گریگوریو نے فیس بک پر لکھا کہ ’’اوپر کیبن نیچے گر گئی ہے، یہ ایک سانحہ ہے۔‘‘ ریسکیو اداروں اور فائربریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔

اطالوی میڈیا کے مطابق کیبل کار کو سہارا دینے والی ایک رسی ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے کیبن نیچے آ گری۔ حادثے کے وقت ایک دوسری کیبن، جو پہاڑ کے دامن میں فضا میں معلق ہو گئی تھی، اس میں سوار 16 مسافروں کو بحفاظت نکالا گیا۔ انہیں ہارنسز کے ذریعے ایک ایک کر کے نکالا گیا، جس کی فوٹیج RAI پبلک ٹی وی پر نشر کی گئی۔

کیمپانیا ریجن کے سربراہ وینچینزو دی لوکا نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن دھند اور تیز ہواؤں کی وجہ سے متاثر ہوا، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آئیں۔

یاد رہے کہ 2021 میں بھی اٹلی کے شمالی علاقے میں ایک کیبل کار حادثے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جب لیک میجیور سے ایک پہاڑی مقام تک جانے والی کیبل کار زمین سے جا ٹکرائی تھی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button