
خلیج اردو
ایمریٹس ایئرلائن نے مسافروں کے لیے سفر کی بکنگ اور تاریخ تبدیل کرنے میں مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرادی ہے، جس کے تحت دبئی جانے والی پروازوں کی تاریخ متعدد بار بغیر کسی اضافی فیس کے تبدیل کی جاسکے گی۔
10 اگست سے دبئی کا سفر کرنے والے مسافر متعدد بار اپنی سفر کی تاریخ تبدیل کرسکتے ہیں اور اس کے لیے کوئی اضافی چارج نہیں ہوگا۔
یہ سہولت اکانومی کلاس میں سیور سے لے کر فلیکس کرایوں تک جبکہ بزنس کلاس میں اسپیشل، سیور اور فلیکس کرایوں پر دستیاب ہوگی۔ اکانومی فلیکس پلس، پریمیم اکانومی، بزنس فلیکس پلس اور فرسٹ کلاس کے کرائے پہلے ہی مکمل طور پر لچکدار ہیں۔
ریفنڈ فیس میں بھی کمی
ایمریٹس نے دبئی جانے والی پروازوں کے ریفنڈ چارجز بھی کم کردیئے ہیں۔
اکانومی کلاس میں سیور کرایے پر ریفنڈ فیس 50 ڈالر جبکہ فلیکس کرایے پر 25 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
بزنس کلاس میں اسپیشل اور سیور کرایوں پر ریفنڈ فیس 50 ڈالر جبکہ فلیکس کرایے پر 25 ڈالر ہوگی۔
ایئرلائن کے مطابق نئی سہولیات کا مقصد مسافروں کو بکنگ میں تبدیلی یا سفر منسوخ کرنے کی صورت میں کم مالی جرمانے کے ساتھ زیادہ لچک فراہم کرنا ہے۔
ایمریٹس کے نیٹ ورک پر دبئی کے علاوہ دیگر مقامات کا سفر کرنے والے مسافروں کو بھی 2 اپریل سے بک کی جانے والی ٹکٹوں پر ایک مرتبہ مفت تاریخ تبدیل کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، جس میں دبئی کے ذریعے کنیکٹنگ پروازیں بھی شامل ہیں۔
مسافر اپنی سفری منصوبہ بندی مکمل کرنے کے لیے کرایہ 24 گھنٹے تک بغیر کسی اضافی فیس کے ہولڈ بھی کرسکتے ہیں۔
ٹریول انشورنس میں تنازعات سے تحفظ
ایمریٹس نے اپنی ’کمپری ہینسو ٹریول کور‘ سہولت بھی پیش کی ہے جس میں سفر کے دوران مختلف رکاوٹوں سے تحفظ شامل ہے۔
ٹریول کور کے تحت تنازعات سے متعلق حالات میں طبی اخراجات کے لیے 25 ہزار ڈالر تک معاوضہ اور سفر میں 30 روز تک مفت توسیع کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ٹرپ کینسلیشن، سامان کی تاخیر یا گمشدگی، دنیا بھر میں لامحدود طبی اخراجات اور ہنگامی طبی انخلا بھی کوریج میں شامل ہیں۔
یہ سہولت 27 ممالک میں دستیاب ہے اور مسافر ٹکٹ بک کرتے وقت یا بعد میں ایمریٹس کی ’منیج بکنگ‘ سروس کے ذریعے اسے حاصل کرسکتے ہیں۔
ایمریٹس کے مطابق اگر اس کی پروازیں متاثر ہوتی ہیں تو متاثرہ مسافروں کے لیے رہائش کا انتظام براہ راست کیا جائے گا۔
اگر کسی دوسری ایئرلائن کی کنیکٹنگ پرواز متاثر ہو یا ایمریٹس کی سروس دستیاب نہ ہو تو مسافروں کو کسی اضافی فیس کے بغیر ان کی آخری منزل تک دوبارہ بک کیا جاسکتا ہے، جس میں فضائی حدود کی بندش یا رکاوٹ سے متاثر ہونے والے سفر بھی شامل ہیں۔
اسکائی وارڈز ممبرز کے لیے اضافی فوائد
ایمریٹس اسکائی وارڈز کے ارکان کو بھی 31 اگست تک اضافی فوائد فراہم کیے جارہے ہیں۔
ارکان کو سلور، گولڈ اور پلاٹینم اسٹیٹس حاصل کرنے کے لیے 20 فیصد کم ٹائر مائلز درکار ہوں گے جبکہ ایمریٹس اور فلائی دبئی کی پروازوں پر ٹائر مائلز میں 20 فیصد بونس دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایمریٹس نے پروموشنل ’کیش پلس مائلز‘ ریٹ بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت 2 ہزار مائلز 30 ڈالر میں دستیاب ہوں گے۔
یہ مائلز ایمریٹس یا فلائی دبئی کی پروازوں، اضافی سامان، لاؤنج رسائی اور سیٹ سلیکشن کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔







