ایکسپو 2020 دبئی، ڈی پی ورلڈ اور زولوجیکل سوسائٹی آف لندن نے جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے اشتراک کرلیا ہے۔تینوں ادارےماحولیاتی استحکام اور قدرتی ماحول کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے جنگلی حیات اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور بحالی کیلئے ایکسپو 2020 کےتحت پروگرام کا انعقاد کریں گے۔
بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت اور ایکسپو 2020 دبئی بیورو کی ڈائریکٹر جنرل ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے کہا کہ زولوجیکل سوسائٹی آف لندن کے ساتھ ہمارا اتحاد ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی تجاوزات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون سے متعلق اقدامات کا عکا س ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس عالمی ایونٹ میں جانوروں اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے حوالے سے فکر انگیز گفتگو ہوگی اور 200 سے زیادہ بین الاقوامی شرکاء دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس اقدام کا اعلان ایکسپو کے آب و ہوا اور تنوع کے بارے میں 20 اکتوبر 2020 کو منائے جانے والے ہفتے سے پہلے کیا گیا تھا۔
اس پروگرام کے دوران تینوں اداروں کے نمائندے "Conversation for Hope” پروگرام پر پینل ڈسکشن میں حصہ لیں گے۔ لندن کی زولوجیکل سوسائٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈومینک جیرمی نے کہا کہ موجودہ عالمی صحت کے بحران نے انسانی وجود کی نزاکت کو اجاگر کیا ہے جو فطرت کے استحصال سے ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک وسیع تر بحران کا حصہ ہے جو حیاتیاتی تنوع کے بڑھتے ہوئے نقصان اور آب و ہوا کی خرابی کے اثرات کے باعث پیدا ہوا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ صرف بڑی نظامی تبدیلی کے ذریعے ہی ہم جنگلی حیات کے نقصان کی راہ کو تبدیل کرسکتے ہیں۔ ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ زمین اور اس کے وسائل کے ساتھ توازن قائم رکھنا ہم سب کے مستقبل کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدام ڈی پی ورلڈ کی جانب سے قدرتی ماحول کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو فروغ ملے گا۔ مشرق وسطی، افریقہ اور جنوبی ایشیاء کے خطے میں منعقد ہونے والا پہلا ورلڈ ایکسپو ،دبئی ایکسپو 2020 یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک ہوگا۔
Source : WAM






