متحدہ عرب امارات

 کیا 2 اگست کو متحدہ عرب امارات میں صدی کا طویل ترین سورج گرہن ہوگا؟

خلیج اردو
دبئی: سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں کے مطابق 2 اگست کو متحدہ عرب امارات میں صدی کا طویل ترین سورج گرہن ہونے والا ہے۔ تاہم، حقیقت یہ ہے کہ یہ فلکیاتی مظاہرہ ضرور ہوگا، مگر دو سال بعد، یعنی 2 اگست 2027 کو۔

دبئی ایسٹرونومی گروپ (DAG) کی آپریشنز مینیجر خدیجہ الحریری کے مطابق یہ سورج گرہن 6 منٹ اور 23 سیکنڈز تک جاری رہے گا، جو 1991 کے بعد سے طویل ترین ہوگا اور 2114 تک اس کی کوئی مثال نہیں ملے گی۔

تاہم، متحدہ عرب امارات میں یہ سورج گرہن مکمل نہیں بلکہ جزوی (Partial Eclipse) ہوگا۔ دبئی میں چاند سورج کے تقریباً 53 فیصد حصے کو ڈھانپے گا، جب کہ دیگر امارات میں یہ شرح 50 سے 57 فیصد کے درمیان ہوگی۔

کون کون سے ممالک مکمل سورج گرہن دیکھیں گے؟
مکمل سورج گرہن (Path of Totality) جنوبی اسپین، مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا، مصر، جنوبی سعودی عرب اور یمن میں نظر آئے گا جہاں سورج مکمل طور پر چاند کے پیچھے چھپ جائے گا اور ایک شاندار "سولر کورونا” منظر پیش کرے گا۔

یہ سورج گرہن خاص کیوں ہے؟
یہ سورج گرہن اس صدی کا طویل ترین ہوگا اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کے لاکھوں افراد کے لیے ایک بار زندگی میں نظر آنے والا مظہر ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں اس سے پہلے 25 اکتوبر 2022 کو جزوی سورج گرہن دیکھا گیا تھا، جبکہ اگلا جزوی سورج گرہن 1 جون 2030 کو ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے پھر 3 ستمبر 2081 تک انتظار کرنا پڑے گا۔

احتیاطی تدابیر

  • سورج کو براہ راست دیکھنا خطرناک ہے، ISO 12312-2 سرٹیفائیڈ سولر گلاسز استعمال کریں۔

  • عام دھوپ کے چشمے اس مقصد کے لیے غیر محفوظ ہیں۔

  • دوربین، کیمرا یا ٹیلی اسکوپ استعمال کرتے وقت فرنٹ لینس پر سولر فلٹرز لگائیں۔

  • پِن ہول پروجیکٹر یا سولر پروجیکشن طریقے سے بالواسطہ نظارہ کریں۔

براہ راست نشریات
دبئی ایسٹرونومی گروپ اس نایاب مظاہرے کے دوران عوامی تقریب کا انعقاد کرے گا، جہاں سولر ٹیلی اسکوپس، ماہرین کی کمنٹری اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے محفوظ طریقے سے گرہن کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔ جو لوگ موقع پر موجود نہیں ہوں گے، وہ DAG کی براہ راست نشریات کے ذریعے گرہن کا منظر مختلف ممالک سے دیکھ سکیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button