
خلیج اردو
شیخوپورہ: اسلام آباد ایکسپریس جمعہ (یکم اگست) کو پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں کالا شاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 29 مسافر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق، مسافروں کی پانچ بوگیاں کالا شاہ کاکو کے علاقے میں ایک کیمیکل پلانٹ کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق حادثے کی اطلاع شام 7 بج کر 32 منٹ پر موصول ہوئی جس پر فوری طور پر چھ امدادی گاڑیاں اور 25 ریسکیورز جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ زیادہ تر مسافروں کو معمولی خراشیں اور چوٹیں آئیں۔
22 زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جب کہ سات افراد کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مریدکے منتقل کیا گیا۔ "دو مسافر بوگیوں میں پھنسے ہوئے تھے، جنہیں ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے ایک کی کولہے کی ہڈی متاثر ہوئی ہے”، ریسکیو ٹیم کے بیان میں کہا گیا۔
ابتدائی ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب چند روز قبل 28 جولائی کو سندھ کے ضلع شکارپور کے قریب جعفر ایکسپریس کی تین کوچز بھی پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔ ابتدائی اطلاعات میں ریل کی پٹڑی پر دھماکے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے تاہم وزارتِ ریلوے نے 29 جولائی کو وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا اور دھماکے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
وزارت کے مطابق ایک نامعلوم تنظیم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا اور ذمہ داری قبول کرنے کی کوشش کی، جو کہ بے بنیاد اور گمراہ کن دعویٰ ہے۔






