
خلیج اردو
دبئی: گلوبل ولیج نے اعلان کیا ہے کہ 12 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو سیزن 29 کے اختتام تک مفت داخلے کی سہولت دی جائے گی۔ یہ خصوصی پیشکش 11 مئی 2025 تک جاری رہے گی۔
یہ رعایت معمول کی پالیسی سے مختلف ہے، جس کے تحت صرف تین سال سے کم عمر بچے، 65 سال سے زائد بزرگ شہری، اور خصوصی افراد (پی او ڈی) کو مفت داخلہ دیا جاتا ہے۔
یہ اعلان گلوبل ولیج کے سرکاری "ایکس” اکاؤنٹ پر کیا گیا، جس کا مقصد سیزن کے آخری ہفتوں میں مزید خاندانوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اختتامی سیزن میں گلوبل ولیج نے کئی نئے تجربات اور تفریحات کا اضافہ کیا ہے، جن میں ثقافتی جھلکیاں، نئی تفریحی سرگرمیاں، اور جدید سہولیات شامل ہیں، تاکہ مہمانوں کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں، اپریل کے دوران ہر بدھ کو عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی شوز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان میں 16 اپریل کو فریڈی مرکیوری، 23 اپریل کو ٹیلر سوئفٹ، اور 30 اپریل کو بون جووی کے شوز شامل ہیں۔
سیزن 29 کا باضابطہ اختتام 11 مئی کو ہو گا، جس کے بعد یہ مقام گرمیوں کے مہینوں کے لیے بند کر دیا جائے گا۔