
خلیج اردو
دبئی: دبئی کا مشہور گلوبل ولیج رواں سال اپنی 30 ویں سالگرہ منانے جا رہا ہے۔ 1996 میں ایک کار پارک میں عارضی میلے کے طور پر شروع ہونے والا یہ ایونٹ آج دبئی کی سب سے پسندیدہ ونٹر ایٹریکشن میں بدل چکا ہے۔
ابتدائی سالوں میں گلوبل ولیج صرف 50,000 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل تھا اور پہلے ہی سیزن میں پانچ لاکھ افراد نے شرکت کی۔ 1997 میں راجستھانی ڈانسرز اور افریقی ڈرم بجانے والے فنکاروں نے دبئی کریک پر رنگ و نور بکھیرے اور دنیا بھر کی ثقافتوں کو یکجا کرنے کی بنیاد رکھی۔
سن 2000 کے بعد گلوبل ولیج نے تیزی سے ترقی کی اور عود میتھا اور بعد ازاں دبئی فیسٹیول سٹی منتقل ہوا۔ 2004 تک یہ 147,000 مربع میٹر پر پھیل چکا تھا اور 31 ثقافتوں کی نمائندگی کے ساتھ 30 لاکھ سے زائد وزیٹرز کو خوش آمدید کہا گیا۔
2005 میں گلوبل ولیج نے دبئی لینڈ میں اپنا مستقل ٹھکانہ بنایا جس نے اسے بڑے پیمانے پر توسیع کا موقع دیا۔ یہاں پویلینز کی تعداد 90 سے زائد ہو گئی اور شاندار آتشبازی، کنسرٹس اور کارنیول رائیڈز نے اسے عالمی معیار کا فیملی ڈیسٹینیشن بنا دیا۔ اس دوران کئی مشہور شخصیات جیسے شاہ رخ خان، جیسن ڈیرولو اور نینسی عجرم نے یہاں پرفارم کیا، جبکہ 2018 کے ایک حادثے کے بعد سیفٹی کے معیار کو مزید بہتر بنایا گیا۔
2020 میں عالمی وبا کے باعث سرگرمیاں متاثر ہوئیں لیکن گلوبل ولیج نے جدید اقدامات جیسے کانٹیکٹ لیس پیمنٹس اور کشادہ واک ویز کے ذریعے تیزی سے بحالی کی۔ حالیہ سیزنز میں وزیٹرز کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، صرف پچھلے سیزن میں ایک کروڑ پانچ لاکھ سے زائد افراد نے یہاں کا رخ کیا۔
گلوبل ولیج کا 30 واں سیزن 15 اکتوبر 2025 سے شروع ہو گا اور 10 مئی 2026 تک جاری رہے گا، جسے اب تک کا سب سے شاندار سیزن قرار دیا جا رہا ہے۔







