
خلیج اردو
دبئی: دبئی میں سونے کی قیمت بدھ کی شام نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گئی، جہاں 24 قیراط سونا 399 درہم فی گرام پر ٹریڈ ہوا، جو ہفتے کے آغاز پر 389 درہم تھا۔ اس طرح صرف تین دنوں میں سونا 10 درہم فی گرام مہنگا ہو چکا ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی، جو 2.7 فیصد اضافے کے بعد 3,310 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ اس اضافے کی وجہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کی شدت، ڈالر کی کمزوری اور عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال بتائی جا رہی ہے۔
دیگر اقسام میں 22 قیراط سونا 369.5، 21 قیراط 354.5 اور 18 قیراط سونا 303.75 درہم فی گرام میں فروخت ہوا۔
اقوام متحدہ کے تجارتی و ترقیاتی ادارے (UNCTAD) نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی معیشت کساد بازاری کی جانب بڑھ رہی ہے، جس کا سبب تجارتی کشیدگیاں اور پائیدار غیر یقینی صورتحال ہے۔
مالیاتی اداروں نے سونے کی قیمت کے تخمینے میں اضافہ کر دیا ہے، اور توقع ظاہر کی ہے کہ سال کے اختتام تک قیمت 3,700 ڈالر اور 2026 کے وسط تک 4,000 ڈالر فی اونس تک جا سکتی ہے۔
سیکسو بینک کے کموڈیٹی اسٹریٹیجی کے سربراہ اولے ہینسن کے مطابق، "سونا 2025 کا ہمارا ہدف یعنی 3,300 ڈالر فی اونس، وقت سے پہلے ہی حاصل کر چکا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ آگے کیا ہوگا؟”
ماہرین کے مطابق، جغرافیائی کشیدگی، ڈالر کی کمزوری، مہنگائی اور اقتصادی سست روی نے سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی طرف راغب کیا ہے۔







