متحدہ عرب امارات

پاکستان کا غزہ کی صورتحال پر مسلم امہ کو یکجا مؤقف اپنانے کا مشورہ

خلیج اردو
مصر:وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے خصوصی اجلاس میں غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلم دنیا کو متحدہ موقف اپنانے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ و جارحیت کا خاتمہ، اسرائیلی فوج کا فوری انخلا اور غزہ کی تعمیر نو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے اور عرب لیگ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ بابرکت ماہ رمضان دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی لے کر آئے۔

انہوں نے غزہ کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت غزہ اپنی تاریخ کے تاریک ترین دور سے گزر رہا ہے، جہاں اب تک عورتوں اور بچوں سمیت 48 ہزار معصوم فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔ غزہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، سکول، ہسپتال، مکانات، عبادت گاہیں اور تجارتی مراکز ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر اور امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کی کوششیں امید کی کرن ہیں، لیکن فلسطین کی موجودہ صورتحال مسلم دنیا سے فوری ردعمل کی متقاضی ہے۔ پاکستان جنگ بندی کے کسی بھی اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے لیے مستقل امن کو ناگزیر قرار دیتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ غزہ میں ایک بار پھر انسانی امداد روک دی گئی ہے، اور رمضان کے مقدس مہینے میں اس طرح کا ظلم انتہائی قابل مذمت ہے۔ امداد کی ترسیل کو روکنا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے، اور عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button