
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ایک ماہ سے زائد فاصلاتی تعلیم کے بعد طلبہ پیر 20 اپریل سے دوبارہ تعلیمی اداروں میں حاضری دیں گے۔ وزارتِ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری و نجی نرسریوں، کنڈرگارٹن اور اسکولوں میں روایتی تدریس بحال کی جا رہی ہے۔
یہ فیصلہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث جاری غیر یقینی صورتحال کے بعد کیا گیا، جس کے دوران طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن تعلیم متعارف کرائی گئی تھی۔ جنگ بندی کے بعد حالات میں بہتری آنے پر تعلیمی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق 20 اپریل 2026 سے تمام طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملہ باضابطہ طور پر کلاس رومز میں واپس آ جائے گا۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں حفاظتی ہدایات کے مطابق تیاریوں، تربیتی پروگراموں اور آپریشنل جائزوں کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اسکولوں، نرسریوں اور جامعات کے دورے کرکے تیاریوں کا جائزہ لیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر روایتی اور آن لائن تعلیم کے درمیان ہموار منتقلی کے لیے واضح رہنما اصول بھی وضع کیے جا رہے ہیں۔
ادھر شارجہ کی تعلیمی اتھارٹی نے نجی اسکولوں اور نرسریوں کے تدریسی و انتظامی عملے کو فوری طور پر کیمپس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نرسریوں میں بچوں کی واپسی 16 اپریل سے شروع ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ آن لائن تعلیم کا آغاز 2 مارچ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا تھا، جسے مرحلہ وار توسیع دی گئی۔ اب جنگ بندی کے بعد حالات معمول پر آنے سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔







