متحدہ عرب امارات

رمضان کے آغاز پر یو اے ای سپر مارکیٹس میں خریداروں کا رش

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد منگل کی شب سپر مارکیٹس میں شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جبکہ اچانک آغاز کے باعث کئی افراد افطار اور سحری کے لیے اشیائے خورونوش خریدنے نکل آئے۔

دبئی اور شارجہ کے شاپنگ سینٹرز کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ رات 9 بجے تک اسٹورز کی راہداریاں بھرنا شروع ہو گئیں اور 10 بجے تک بیشتر برانچز مکمل طور پر خریداروں سے بھر گئیں۔

سپر مارکیٹس میں بعض افراد موبائل فون پر خریداری کی فہرست دیکھتے نظر آئے جبکہ کئی شہری اس بات کا فیصلہ نہیں کر پا رہے تھے کہ فوری طور پر کن اشیاء کی ضرورت ہے۔ ابتدائی دنوں کے لیے چاول، تیل، دودھ، روٹی، انڈے، دہی، پھل اور فروزن اسنیکس کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جبکہ کھجور تقریباً ہر ٹرالی میں موجود تھی۔

شارجہ کے علاقے النہدہ سے تعلق رکھنے والے ایک رہائشی نے بتایا کہ وہ تقریباً 55 منٹ تک بلنگ کاؤنٹر کی قطار میں کھڑے رہے کیونکہ انہیں توقع تھی کہ رمضان ایک دن بعد شروع ہوگا۔

متعدد سپر مارکیٹس میں سیلف چیک آؤٹ کاؤنٹرز پر بھی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں جبکہ نماز کی جائے نماز اور سادہ ملبوسات جیسے عبایا، اسکارف اور کُرتوں کی خریداری میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button