متحدہ عرب امارات

رمضان میں اماراتی خاندانوں کے ساتھ افطار، رہائشیوں کو دعوت

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے فیڈرل یوتھ اتھارٹی نے اماراتی ویلیوز افطار اقدام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت مقامی خاندان رمضان المبارک میں رہائشیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو اپنے گھروں اور مجلس میں افطار کی دعوت دیں گے۔

Federal Youth Authority کے اس اقدام کا مقصد مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اماراتی مہمان نوازی اور ثقافت کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ مہمان مقامی خاندانوں کے ساتھ نہ صرف افطار کریں گے بلکہ ملکی ورثے، روایات اور اقدار پر گفتگو بھی کریں گے۔

حکام کے مطابق یہ پروگرام رواداری، سخاوت اور کمیونٹی کے بنیادی اماراتی اصولوں کو اجاگر کرے گا۔ اس اقدام کے تحت شرکاء کو باوقار لباس پہننے اور گفتگو کو اماراتی ثقافت اور اقدار تک محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے دوران فراہم کردہ معلومات کی درستگی میزبان اور مہمان دونوں کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی دورے کو منسوخ کرنے کا حق بھی محفوظ رکھا گیا ہے۔

رجسٹریشن اتھارٹی کی ویب سائٹ پر جاری ہے اور اس اقدام کو رمضان میں بین الثقافتی روابط مضبوط بنانے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button