متحدہ عرب امارات

### بھارت کے کپتان کا انکشاف: پاکستان میچ سے قبل ٹیم نے فون بند کرکے سکون کیا تلاش

خلیج اردو
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر اتوار کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا ہے کہ ٹیم نے تنازعات اور دباؤ سے بچنے کے لیے فون بند کرکے نیند پوری کی تاکہ باہر کی آوازوں سے متاثر نہ ہوں۔

گزشتہ میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی، لیکن اس کے بعد کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو کرکٹ میدان تک پہنچا دیا۔ اس عمل پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید ردعمل دیا اور حتیٰ کہ ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دے دی تھی۔

سوریا کمار یادو نے دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا: "مجھے سمجھ نہیں آتا آپ کس دشمنی کی بات کر رہے ہیں۔ میں تو صرف یہ دیکھتا ہوں کہ شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آتے ہیں اور ہمارا کام ہے کہ انہیں اچھا کرکٹ دکھائیں۔”

انہوں نے مزید کہا: "ہم نے کمرے بند کر دیے، فون آف کر دیے اور سکون سے سو گئے۔ کبھی کبھار باہر کی باتوں کو سننا مشکل ہوتا ہے، لیکن میں نے لڑکوں کو کہا ہے کہ مثبت چیزیں لیں اور باقی شور کو بند کر دیں۔ اگر ہمیں آگے جانا ہے تو یہی واحد راستہ ہے۔”

بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹیم نے بہترین تیاری کی ہے اور تمام گروپ میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ اتوار کو پاکستان کے خلاف ایک نئے آغاز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ "یہ نیا میچ ہے، جو اچھی کرکٹ کھیلے گا، جیت اسی کی ہوگی۔”

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button