
خلیج اردو
ہندوستان نے کسٹمز قواعد میں تبدیلی کرتے ہوئے نان ریزیڈنٹ انڈینز کے لیے سونے کی جیولری کی حد وزن کی بنیاد پر مقرر کر دی ہے، جس سے یو اے ای سمیت دنیا بھر کے بھارتی تارکینِ وطن کے لیے قواعد کی تعمیل آسان ہو جائے گی۔
مالابار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز کے انٹرنیشنل آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر شملال احمد کے مطابق،
"اب خواتین 40 گرام اور مرد 20 گرام سونے کی جیولری ڈیوٹی فری لا سکتے ہیں، یہ بھارتی نان ریزیڈنٹس کے لیے عملی قدم ہے”۔
انہوں نے وضاحت کی کہ پہلے ڈیوٹی فری حد کی بنیاد قیمت پر تھی — خواتین کے لیے 1 لاکھ روپے اور مردوں کے لیے 50 ہزار روپے۔ موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق اس کا مطلب خواتین کے لیے تقریباً 6 گرام اور مردوں کے لیے 3 گرام تھا۔ نئی ہدایات کے مطابق وزن کی بنیاد پر حد مقرر ہونے سے قواعد زیادہ واضح اور آسان ہو گئے ہیں۔
4 فروری کی صبح دبئی میں سونے کی قیمتوں کے مطابق، خواتین تقریباً 3,400 درہم اور مرد 1,700 درہم تک سونے کی جیولری بغیر کسٹمز چارجز کے لے جا سکتے ہیں۔
شملال احمد کے مطابق نئی قواعد فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور ایک سال سے زیادہ بیرون ملک رہنے والے مسافروں پر لاگو ہوں گی، جس سے سفر کرنے والوں کے لیے زیادہ آسان اور شفاف نظام فراہم کیا گیا ہے۔
کئی مواقع پر این آر آئی اور سیاح سونے کی حد سے زیادہ جیولری لے کر آتے تھے، جس کے نتیجے میں بھارتی ہوائی اڈے پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی ادا کرنی پڑتی تھی۔
بافلے جیولرز کے منیجنگ ڈائریکٹر چیراغ وورا نے کہا کہ
"قیمت کی حد ہٹانے سے دبئی کی مسابقتی قیمتیں این آر آئی اور بیرون ملک رہنے والے بھارتیوں کے لیے مزید پرکشش ہو جائیں گی۔ یہ قواعد زیادہ شفاف اور آسان بن گئے ہیں”۔
ان کے مطابق یہ تبدیلی دبئی کے جیولرز کے لیے بھی فائدہ مند ہوگی جو بھارتی خریداروں کے لیے خدمات فراہم کرتے ہیں۔
اینڈرسن UAE کے سی ای او انوراگ چتور ویدی نے کہا کہ سابقہ کسٹمز قوانین کے تحت NRIs اور قیمتی اشیاء لے جانے والے مسافروں کو قیمت اور اعلان کے اندازے کے باعث غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2026 کے بجٹ میں ‘بونا فائیڈ پرسنل ایفیکٹس’ کے واضح اصول متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں گھڑی جیسے پہننے والے آئٹمز شامل ہیں، بشرطیکہ وہ ذاتی استعمال کے لیے ہوں اور فروخت کے ارادے سے نہ ہوں۔
چتور ویدی کے مطابق،
"مثال کے طور پر، ایک NRI مسافر اگر رو لیکس گھڑی پہن کر بھارت آئے تو عام طور پر اسے درآمد شدہ مال نہیں سمجھا جائے گا، جب تک کہ وہ اصلی پیکیجنگ میں یا متعدد تعداد میں نہ لایا گیا ہو، جو تجارتی مقصد ظاہر کرے۔ یہ تبدیلیاں مسافروں کے لیے تعمیل کو آسان بنائیں گی”۔







