متحدہ عرب امارات

نوزائیدہ بیٹی خوش قسمتی لے آئی، بھارتی تارکِ وطن 20 ملین درہم کا فاتح

خلیج اردو
عمان میں مقیم بھارتی تارکِ وطن شانتنو شیٹیگر نے بیٹی کی پیدائش کے چند ہفتوں بعد 20 ملین درہم کا بگ ٹکٹ جیک پاٹ جیت لیا۔

34 سالہ شانتنو کی پہلی بیٹی 27 دسمبر کو پیدا ہوئی، جس کے بعد جنوری میں انہیں فون کال موصول ہوئی جس نے ان کی زندگی بدل دی۔

شانتنو شیٹیگر کا کہنا تھا کہ اس جیت کا وقت ناقابلِ یقین ہے، مجھے لگتا ہے میری بیٹی میرے لیے خوش قسمتی لے کر آئی۔

شارجہ میں 21 جنوری کو ہونے والی قرعہ اندازی کے مطابق شانتنو بگ ٹکٹ جیک پاٹ کے فاتح قرار پائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شانتنو ابھی تک اپنی بیٹی کو ذاتی طور پر نہیں دیکھ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش کے وقت میں عمان میں تھا، ابھی تک اس سے ملاقات نہیں ہو سکی، جلد نام رکھنے کی تقریب کے لیے سفر کروں گا۔

شانتنو کرناٹک کے شہر اُڈوپی سے تعلق رکھتے ہیں اور گزشتہ آٹھ برس سے مسقط میں بطور شاپ اِنچارج کام کر رہے ہیں۔

جیت کی اطلاع ایک عام کام کے دن کے دوران ملی، ابتدائی دو کالز مس ہونے کے بعد تیسری کال پر انہیں جیک پاٹ جیتنے کی خبر دی گئی۔

شانتنو کے مطابق پہلے یقین ہی نہیں آیا کہ واقعی میں 20 ملین درہم جیت چکا ہوں۔

وہ گزشتہ پانچ برس سے بگ ٹکٹ خرید رہے تھے جبکہ پچھلے تین برسوں سے مسلسل ہر ڈرا میں شریک ہو رہے تھے۔

انہوں نے ٹکٹ اپنے ساتھی سنیل کے ساتھ مشترکہ طور پر خریدا تھا، جو مسقط میں ہی مقیم ہیں۔

اتنی بڑی رقم جیتنے کے باوجود شانتنو کا کہنا ہے کہ فی الحال میں اپنی نوکری جاری رکھوں گا، مستقبل کے بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا”۔

وہ جلد ابوظہبی جا کر قانونی کارروائی مکمل کریں گے اور اس کے بعد اہلیہ اور نومولود بیٹی کو مسقط لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

شانتنو کے مطابق میرے لیے اس وقت سب سے اہم چیز میرا خاندان ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق باپ بننے کی خوشی اور 20 ملین درہم کی جیت نے شانتنو شیٹیگر کی زندگی کو ایک غیر معمولی موڑ دے دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button