متحدہ عرب امارات

انڈیگو ایئرلائن کا مسافر کو تھپڑ مارنے کے واقعے پر ردعمل، غیر ذمہ دارانہ رویے کی مذمت

خلیج اردو
نئی دہلی: انڈیگو ایئرلائن نے اپنی ایک پرواز کے دوران مسافروں کے درمیان پیش آنے والے جھگڑے کے بعد باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ وہ ویڈیو سے آگاہ ہے اور ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو کسی طور قابل قبول نہیں سمجھتی۔

بیان میں کہا گیا کہ جھگڑے میں ملوث فرد کو "بے ضابطہ” قرار دیتے ہوئے لینڈنگ کے بعد سیکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انڈیگو نے مزید بتایا کہ واقعے سے متعلق تمام ضروری ریگولیٹری اداروں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور پرواز کے عملے نے طے شدہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے مطابق کارروائی کی۔

ایئرلائن کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت اور وقار پر سمجھوتہ کرنے والے رویے کی کوئی گنجائش نہیں، اور انڈیگو اپنی تمام پروازوں میں محفوظ اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسافر نے دوسرے مسافر کو تھپڑ مارا، جو مبینہ طور پر گھبراہٹ کے دورے (panic attack) کا شکار تھا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

متعدد صحافیوں، سیاستدانوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ایئرلائن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے اور ملوث شخص کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button