
خلیج اردو
تہران/تل ابیب: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے کے باعث متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے علاقائی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے درجنوں ملازمین کو مشرق وسطیٰ سے نکالنا شروع کر دیا ہے۔ سیکیورٹی رسک سروسز فراہم کرنے والی کمپنی "انٹرنیشنل ایس او ایس” کے مطابق 13 جون سے جاری اس کشیدہ صورتحال میں اب تک 200 سے زائد افراد کو مختلف مقامات سے نکالا جا چکا ہے۔
علاقائی سیکیورٹی ڈائریکٹر گلناز اوکاسوا نے کہا کہ یہ انخلا صرف ایران اور اسرائیل تک محدود نہیں بلکہ آس پاس کے ممالک سے بھی لوگ منتقل ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق، کمپنی صرف انخلاء نہیں بلکہ ٹرانسپورٹ، رہائش، اور لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کر رہی ہے۔
اتوار کے روز امریکی بمباری کے بعد ایران کے تین جوہری مراکز پر حملوں سے صورتحال مزید بگڑ گئی، جس کے بعد کمپنیوں نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
دوسری جانب کنٹرول رسکس کمپنی کے ٹام گرفن کے مطابق، یو اے ای میں کام کرنے والی کمپنیاں فی الحال عملہ منتقل نہیں کر رہیں۔ تاہم ملازمین کو فلیکسیبل ورک فرام ہوم کی سہولت دی جا رہی ہے تاکہ دفتری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور ملازمین کو تحفظ کا احساس رہے۔
غلط معلومات کا چیلنج
ٹام کے مطابق، تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کی بدولت انخلا کے فیصلے تیز ہو گئے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ جھوٹی معلومات اور افواہوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواہیں انخلا کے عمل کو سست یا متاثر کر سکتی ہیں۔ گلناز اوکاسوا نے بھی اس کی تصدیق کی کہ ان کے کلائنٹس درست اور تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے وہ صرف مستند مشورے دیتے ہیں۔
مسلسل مانیٹرنگ اور ابتدائی وارننگ
انٹرنیشنل ایس او ایس اور کنٹرول رسکس دونوں نے کہا کہ وہ زمینی حالات کو مسلسل مانیٹر کرتے ہیں۔ ٹام نے بتایا کہ ان کی کمپنی کے پاس ایک جامع انخلا ریٹنگ سسٹم ہے، جس کے مطابق فیصلے روزانہ کی بنیاد پر نظرثانی کے بعد کیے جاتے ہیں۔ گلناز نے بتایا کہ انہوں نے 3 جون کو اپنے کلائنٹس کو ابتدائی وارننگ دی تھی کہ اسرائیلی کارروائی کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔
انخلا کے فیصلے کے عوامل
گلناز کے مطابق، براہ راست جانی خطرات، فسادات، انٹرنیٹ یا بجلی کی بندش جیسے آپریشنل مسائل کمپنیوں کو عملہ نکالنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ٹام کے مطابق، زمینی، فضائی یا بحری سرحدوں کی دستیابی، مقامی یا غیر ملکی عملے کی نوعیت، سروس کی اہمیت، انخلا کے مقابل shelter-in-place کا رسک، اور انشورنس پالیسی کی شرائط بھی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔