
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات جو دنیا کی تیز ترین انٹرنیٹ اسپیڈز کے لیے جانا جاتا ہے، وہاں ہفتے کے آخر میں عارضی سست روی نے شہریوں کی زندگی کو متاثر کیا۔ تین روزہ تعطیلات کے دوران جہاں لوگ آن لائن گیمز اور اسٹریمنگ سروسز سے لطف اندوز ہونا چاہتے تھے، وہیں انہیں بار بار ڈاؤن لوڈ رکنے، ویڈیوز بفر ہونے اور براؤزنگ کی سست رفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی کے گیمر احمد المنصوری کے مطابق یہ سست روی ان کے لیے بڑی رکاوٹ بنی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دوستوں کے ساتھ آن لائن گیم پلے شیئر کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ویڈیو بار بار رک رہی تھی اور وائس چیٹ بھی کٹ رہی تھی، جس سے ان کا پورا ویک اینڈ متاثر ہوا۔
ابوظہبی میں الیزبتھ مارک جیسی ریموٹ ورکرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ شیڈول میٹنگ کے دوران کال بار بار ڈسکنیکٹ ہو جاتی تھی جس سے انہیں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
انٹرنیٹ اسپیڈ میں کمی بحیرہ احمر میں زیر سمندر کیبلز کے کٹنے کے باعث سامنے آئی، جس کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ میں محسوس کیے گئے۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق یو اے ای کے بیشتر شہروں جیسے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، العین، عجمان، راس الخیمہ، فجیرہ، جبل علی اور ام القوین سے شکایات موصول ہوئیں۔
شارجہ کے رہائشی خالد سعید نے بتایا کہ وہ اپنی پسندیدہ اسٹریمنگ سروس کے ساتھ فلم دیکھنے کے خواہشمند تھے لیکن ویڈیوز مسلسل بفر ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔
مائیکروسافٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ 6 ستمبر کو صبح 9 بج کر 45 منٹ سے مشرق وسطیٰ میں نیٹ ورک ٹریفک کو زیر سمندر فائبر کٹ کی وجہ سے تاخیر کا سامنا ہوا۔ اگرچہ نیٹ ورک متاثر نہیں ہوا لیکن ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارنے کے باعث تاخیر میں اضافہ ہوا ہے، تاہم وہ حالات بہتر ہونے تک روزانہ اپ ڈیٹس فراہم کرتے رہیں گے۔







