
خلیج اردو
دبئی میں سونے کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کردیا، 22 قیراط فی گرام پہلی بار 400 درہم سے تجاوز کر گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 3 ہزار 600 ڈالر کی نفسیاتی حد پار کر گیا۔
دبئی جیولری گروپ کے مطابق اتوار کے روز 24 قیراط سونا 433.25 درہم فی گرام، 22 قیراط 400.25 درہم، 21 قیراط 383.75 درہم اور 18 قیراط 328.75 درہم میں فروخت ہوا۔
اسپاٹ گولڈ 1.06 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ہزار 586.76 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا، جو جمعے کے روز 3 ہزار 600 ڈالر کی سطح کو چھو چکا تھا۔ ماہرین کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے مزید شرح سود میں کمی کے امکانات اس اضافے کی بڑی وجہ ہیں۔
مارکیٹ ماہر رانیہ گولے نے کہا کہ سرمایہ کار موجودہ سطح پر جزوی منافع حاصل کرکے باقی سرمایہ برقرار رکھیں تاکہ اگر قیمتیں 3 ہزار 700 ڈالر تک جائیں تو مزید فائدہ اٹھایا جا سکے۔ تاہم اگر سونا 3 ہزار 520 سے 3 ہزار 500 ڈالر کی سپورٹ کھو دے تو مارکیٹ میں بڑی کریکشن بھی آسکتی ہے۔
دوسری جانب آر ایم کیپیٹل کنسلٹنگ کے بانی رشاد حاجیف نے اگلے ہفتے قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فیڈ میٹنگ سے قبل سونے کی قیمتیں زیادہ دیر تک اوپر نہیں رہیں گی۔







