متحدہ عرب امارات

دبئی کے الممزر بیچ کی شاندار تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ افتتاح، واٹر اسپورٹس، فلوٹنگ واک وے، نائٹ بیچ اور خواتین کیلئے خصوصی ساحل متعارف

خلیج اردو
دبئی میں الممزر بیچ کو بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کے بعد عوام کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جہاں جدید سہولیات کے ساتھ تفریح کے نئے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

بیچ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں الممزر لیگون بیچ اور الممزر کارنیش شامل ہیں۔ لیگون بیچ تقریباً 27 لاکھ 50 ہزار مربع فٹ پر محیط ہے، جہاں 300 میٹر طویل نائٹ سوئمنگ بیچ، بچوں کے کھیل کے میدان، جمز اور مختلف واٹر اسپورٹس کی سہولت موجود ہے۔

یہاں سیاح جیٹ اسکی، کیاکنگ، پیڈل بوٹنگ اور فلائی بورڈنگ جیسی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے، جبکہ والی بال، فٹبال اور پیڈل کھیلنے کیلئے مخصوص زون بھی قائم کیے گئے ہیں۔

الممزر کارنیش، جو 12 لاکھ 50 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے، ان افراد کیلئے تیار کیا گیا ہے جو پرائیویسی اور پریمیم تجربہ چاہتے ہیں۔ یہاں دنیا کا پہلا 24 گھنٹے فعال صرف خواتین کیلئے مخصوص ساحل بھی قائم کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کی نمایاں خصوصیت فلوٹنگ واک وے ہے جو دونوں حصوں کو آپس میں جوڑتا ہے، جبکہ پیدل چلنے اور سائیکل چلانے کیلئے 5.5 کلومیٹر طویل ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔

بیچ کو معذور افراد کیلئے بھی مکمل طور پر قابل رسائی بنایا گیا ہے، جہاں خصوصی وہیل چیئرز، سوئمنگ چیئرز اور تربیت یافتہ لائف گارڈز موجود ہیں۔

تقریباً 50 کروڑ درہم لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ دبئی کے ساحلی ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیاحوں اور مقامی افراد کیلئے ساحلوں کی گنجائش میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔

یہ نیا بیچ نہ صرف تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا بلکہ دبئی کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button