متحدہ عرب امارات

ابوظبی حادثہ: چار بیٹوں سے محروم ماں کی حالت میں بہتری — خانوادہ صدمے سے نکلنے کی کوشش میں مصروف

خلیج اردو
ابوظبی میں 3 جنوری کو پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں اپنے چار بیٹوں کو کھو دینے والی ماں بتدریج صحت یاب ہو رہی ہے اور گھر منتقل کر دی گئی ہے۔ خاندان کے ایک فرد کے مطابق وہ جسمانی طور پر بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم شدید صدمے سے گزر رہی ہیں اور نفسیاتی طور پر اب بھی سنبھلنے کے مشکل مرحلے سے دوچار ہیں۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے بعد ابتدائی دنوں میں وہ رو نہیں سکی تھیں جس پر گھر والے خاصی تشویش کا شکار تھے۔ بعد ازاں عزیز و اقارب کی موجودگی میں وہ بچوں کی یاد میں دیر تک روتی رہیں جس سے جذباتی کیفیت کو اظہار ملا اور دل کا بوجھ ہلکا ہوا۔

حادثے کی تفصیل
3 جنوری کو پیش آنے والے حادثے میں 14 سے 5 برس کی عمر کے تین بچے اور گھریلو ملازمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ چوتھا بیٹا اگلے روز اسپتال میں دم توڑ گیا۔ نمازِ جنازہ گزشتہ ہفتے ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ خاندان لیوا سے واپسی پر سفر کر رہا تھا۔

والد، جو خود بھی زخمی ہوئے، اسپتال سے ڈسچارج ہو کر وہیل چیئر پر جنازے میں شریک ہوئے۔ ماں کو بیٹوں کی وفات کی اطلاع جنازے کے روز دی گئی جہاں انہیں آخری مرتبہ بچوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔

بیٹی کو حقیقت سے آگاہ کرنا
حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد متعدد آپریشنز کے بعد ماں کو بدھ کے روز اسپتال سے چھٹی ملی۔ اس وقت تک 10 سالہ بیٹی کو بھائیوں کی وفات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ گھر منتقل ہونے کے بعد والدین کی خواہش پر بچی کو حقیقت بتائی گئی جس کے بعد خاندان کے ہمراہ وہ قبرستان بھی گئی اور زاروقطار روئی۔

صحت کی موجودہ صورتحال
رشتہ دار کے مطابق ان کی جسمانی حالت اب مستحکم ہے، چل پھر سکتی ہیں، ہاتھ پر پلاسٹر ہے جبکہ چہرے کی سوجن اور آنکھوں کی سرخی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ خاندان اس وقت رشتہ داروں کے ہاں مقیم ہے اور جلد بھارت جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اہلِ خانہ نے اپیل کی ہے کہ لوگوں کی جانب سے مسلسل کالز اور پیغامات سے گریز کیا جائے، انہیں غم اور نجی سوگ گزارنے کے لیے پرائیوسی اور سکون درکار ہے۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button