متحدہ عرب امارات

دبئی: آر ٹی اے کا اسکول بس پولنگ منصوبہ — ٹریفک میں کمی کے لیے اس سال پائلٹ ٹرائل کا اعلان

خلیج اردو
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی  نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں اسکول بس پولنگ (School Bus Pooling) کے منصوبے کا پائلٹ مرحلہ شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد اسکولوں کے اردگرد بڑھتی ہوئی ٹریفک جام کو کم کرنا اور نجی گاڑیوں کے ذریعے بچوں کی آمد و رفت کا متبادل فراہم کرنا ہے۔

یہ منصوبہ یانگو گروپ اور اربن ایکسپریس ٹرانسپورٹ کے تعاون سے شروع کیا جائے گا، جس کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت مشترکہ بسیں مخصوص جغرافیائی زونز میں واقع متعدد اسکولوں کے طلبہ کو لے جائیں گی، جبکہ سفری نظام کی نگرانی، گاڑیوں کی ٹریکنگ اور آپریشنل مانیٹرنگ کے لیے اسمارٹ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

آر ٹی اے کے مطابق منصوبہ اسکول ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام حفاظتی، سکیورٹی اور ریگولیٹری قوانین کے مطابق ہوگا اور اس کا مقصد ٹریفک روانی میں بہتری کے ساتھ طلبہ کے روزمرہ سفر کو زیادہ موثر اور محفوظ بنانا ہے۔

آر ٹی اے کے پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی کے سی ای او احمد ہاشم بہروزیاں نے کہا کہ اسکول اوقات میں نجی گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے اسکول زونز میں ٹریفک کے مسائل بڑھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ نیا ماڈل مناسب لاگت پر متبادل اسکول ٹرانسپورٹ فراہم کرے گا اور ٹریفک دباؤ میں کمی لانے میں مدد دے گا۔

یہ ماڈل کیسے کام کرے گا؟

منصوبے کے تحت مشترکہ بسیں ایک ہی روٹ پر سفر کرنے والے مختلف اسکولوں کے طلبہ کو اکٹھا لے کر جائیں گی۔ اس پولنگ ماڈل کا مقصد گاڑیوں کے بہتر استعمال، پیک آورز میں ٹریفک کم کرنے اور طلبہ کی ٹرانسپورٹ سروس کے معیار و سکیورٹی میں اضافہ کرنا ہے۔ پائلٹ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر اس منصوبے کو وسیع پیمانے پر توسیع دینے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی آر ٹی اے اسکول زونز میں ٹریفک میں بہتری کے لیے متعدد اقدامات کر چکی ہے۔ 2024 میں منظور کیے گئے ٹریفک پلان کے تحت اسکول ٹرانسپورٹ کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی گئی، جس سے اسکولوں کے اطراف ٹریفک میں 13 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔ اسی سال 37 سے زائد اسکولوں کے قریب سڑکوں کی توسیع، داخلے و خروج پوائنٹس کی بہتری، اضافی پارکنگ اور ٹریفک ڈائیورشن جیسے منصوبے مکمل کیے گئے جن سے پیک آورز میں 20 فیصد تک بہتری آئی۔

یانگو گروپ کے اسلام عبد الکریم اور اربن ایکسپریس ٹرانسپورٹ کے ڈاکٹر محمد الہاشمی کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ٹریفک مسائل میں کمی لائے گا بلکہ طلبہ کے لیے روزمرہ سفر کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button