
خلیج اردو
دبئی:دبئی ہولڈنگ ایسیٹ مینجمنٹ کے زیر انتظام "ند الشبا مال” کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جو دبئی کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ریٹیل سیکٹر میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ 5 لاکھ مربع فٹ پر پھیلا یہ جدید مال نہ صرف خریداری بلکہ صحت، تفریح، اور طرزِ زندگی کی دیگر ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے۔
ندالشبا مال میں 100 سے زائد اسٹورز قائم کیے گئے ہیں جن میں فٹنس، ریٹیل، تفریح، خوراک و مشروبات، اور صحت کی سہولیات شامل ہیں۔ مال کی اہم خصوصیات میں چھت پر قائم جم، سوئمنگ پول اور پیڈل کورٹ شامل ہیں۔ مزید برآں، یہاں 900 سے زائد پارکنگ اسپیسز دستیاب ہیں تاکہ زائرین کو آسان رسائی حاصل ہو۔
یہ مال نہ صرف قریبی رہائشی علاقوں اور اسکولز کے نزدیک واقع ہے بلکہ اندرونی و بیرونی جگہوں کے متوازن امتزاج سے خریداروں، خاندانوں اور سیاحوں کے لیے ایک پرکشش ماحول پیدا کرتا ہے۔
دبئی ہولڈنگ ایسیٹ مینجمنٹ میں ریٹیل ڈیسٹینیشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر فرید عبد الرحمن نے کہا:
"دبئی کا ریٹیل سیکٹر نہ صرف معیشت کی ترقی کا محرک ہے بلکہ رہائشیوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ند الشبا مال ہماری اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم جدید سہولتوں کو برادری کی ضروریات سے ہم آہنگ مقامات میں کیسے ڈھالتے ہیں۔”
یہ افتتاح ایسے وقت میں ہوا ہے جب دبئی میں ریٹیل سیکٹر کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ حال ہی میں ماجد الفطیم نے اعلان کیا ہے کہ مال آف دی ایمیریٹس میں 5 ارب درہم کی توسیع کے تحت 100 نئے اسٹورز، نیا تھیٹر، انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ ایریاز، مزید تفریحی جگہیں اور ویلنیس سہولیات شامل کی جائیں گی۔







