متحدہ عرب امارات

کلاس میں میک اپ پر پابندی: متحدہ عرب امارات کے اسکول یونیفارم قوانین، جلد اور اعتماد کا تحفظ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر وزارتِ تعلیم نے اسکول یونیفارم اور طلبہ کی ظاہری وضع قطع کے حوالے سے سخت اصول نافذ کیے ہیں جن میں میک اپ اور نیل پالش پر مکمل پابندی شامل ہے۔

ماہرین امراضِ جلد اور نفسیات کے مطابق یہ فیصلہ صرف ظاہری ڈسپلن کا معاملہ نہیں بلکہ اس کا تعلق جلد کی صحت، مہاسوں سے بچاؤ، خود اعتمادی، ہم عمروں کے دباؤ اور نوعمری میں جسمانی و نفسیاتی نشوونما سے بھی ہے۔

ڈاکٹر شہرزاد مجتبوی نائنی، ڈرماٹولوجسٹ انٹرنیشنل ماڈرن اسپتال دبئی، نے کہا کہ کم عمری میں روزانہ میک اپ کا استعمال جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق 15 یا 16 سال کی عمر کے بعد جلد زیادہ مضبوط اور برداشت رکھنے والی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہلکے پروڈکٹس جیسے لپ بام یا آئی لائنر کم نقصان دہ ہیں، لیکن بھاری میک اپ جیسے فاؤنڈیشن اور کنسیلر مسام بند کرتے ہیں اور مہاسوں کو بڑھاتے ہیں۔

ڈاکٹر اسماء الخطيب، ڈرماٹولوجسٹ قطینہ اسپیشلائزڈ اسپتال، نے بتایا کہ بلوغت کے دوران ہارمونی تبدیلیاں تیل کی پیداوار بڑھا دیتی ہیں اور اس دوران میک اپ مساموں کو بند کر کے جلدی مہاسے اور جلن پیدا کر سکتا ہے۔

ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اسکول میں میک اپ پر پابندی نہ صرف جلد بلکہ خود اعتمادی اور نفسیاتی توازن کے لیے بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر سودھن تھرا دیوی رام داس، ماہر نفسیات ایسٹر اسپتال، نے کہا کہ اکثر نوجوان لڑکیاں خود کو پرکشش بنانے یا خامیاں چھپانے کے لیے میک اپ کرتی ہیں، تاہم کم عمری میں یہ رجحان خود اعتمادی کی کمی اور سماجی دباؤ کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔

ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو ہلکے اور محفوظ پروڈکٹس خاص مواقع پر استعمال کرنے کی اجازت دیں لیکن انہیں یہ سکھائیں کہ اصل خوبصورتی ان کی فطری شکل میں ہے، میک اپ صرف اظہار کا ایک ذریعہ ہے، معیارِ حسن نہیں۔

وزارتِ تعلیم کے مقرر کردہ یونیفارم اور وضع قطع کے قوانین میں یہ نکات شامل ہیں:

  • طلبہ کو صرف منظور شدہ یونیفارم پہننے کی اجازت ہے جو صاف ستھرا اور ترتیب کے مطابق ہو۔

  • کالی فلیٹ جوتیاں یا سیاہ اسنیکرز سفید جرابوں کے ساتھ لازمی ہیں۔

  • ہیئر اسٹائل مقامی معیار کے مطابق اور قدرتی رنگ میں ہونا چاہیے۔

  • طالبات کو تیسرے سائیکل میں سیاہ شَیلا یونیفارم کے ساتھ پہننا لازم ہے۔

  • اماراتی کندورہ کے نیچے سفید کپڑے اور موزوں جوتے، جبکہ سر پر اسکارف اختیاری ہے۔

  • کھیلوں کی کلاسز کے دوران اسپورٹس یونیفارم ضروری ہے۔

  • نیل پالش اور میک اپ کی اجازت نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button