
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہریوں (NRIs) کیلئے بھارت واپسی پر کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق قوانین میں 2 فروری سے نرمی کر دی گئی ہے اور طریقہ کار کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔
اگر کوئی شخص بطور سیاح بھارت جاتا ہے تو اسے 75 ہزار بھارتی روپے تک ڈیوٹی فری الاؤنس حاصل ہوگا۔ تاہم اگر کوئی فرد مستقل طور پر یا "ٹرانسفر آف ریزیڈنس” کے تحت بھارت واپس جا رہا ہو اور وہ دو سال سے زائد عرصہ خلیجی ممالک میں مقیم رہا ہو تو وہ 7 لاکھ 50 ہزار بھارتی روپے تک کے ذاتی سامان پر ڈیوٹی چھوٹ کا اہل ہوگا۔
اسی طرح اگر کوئی شخص 12 ماہ تک بھارت سے باہر رہا ہو تو اسے ڈیڑھ لاکھ روپے تک، جبکہ ایک سے دو سال کے درمیان بیرون ملک قیام کی صورت میں تین لاکھ روپے تک ڈیوٹی فری چھوٹ حاصل ہوگی۔ بھارت میں مقیم افراد کیلئے بھی واپسی پر 75 ہزار روپے تک کے سامان پر ڈیوٹی چھوٹ دستیاب ہے۔
زیورات کے حوالے سے خصوصی رعایت دی گئی ہے جس کے تحت خواتین 40 گرام جبکہ دیگر مسافر 20 گرام تک زیورات ڈیوٹی فری ساتھ لا سکتے ہیں۔ اب یہ رعایت زیورات کی قیمت کے بجائے وزن کی بنیاد پر دی جائے گی۔
18 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام مسافر اپنے ذاتی سامان کے علاوہ ایک نیا لیپ ٹاپ یا نوٹ پیڈ بھی بغیر ڈیوٹی کے ساتھ لا سکتے ہیں۔
البتہ ان قواعد کے تحت ٹی وی، زیورات کے علاوہ سونے یا چاندی کی کسی بھی شکل، دو لیٹر سے زائد الکحل، 100 سے زائد سگریٹس، اسلحہ اور کارتوس لانے پر پابندی برقرار رہے گی۔
یہ نئی سہولیات بیرون ملک مقیم بھارتی شہریوں کیلئے وطن واپسی کے دوران مالی بوجھ میں نمایاں کمی کا باعث بن سکتی ہیں۔







