متحدہ عرب اماراتپاکستانی خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کی شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال

خلیج اردو
ابوظہبی: 12 جون، 2025
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران ابوظہبی میں یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے اور برادرانہ تعلقات پر گفتگو ہوئی، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور طویل عرصے سے جاری قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں متحدہ عرب امارات کے تعمیری کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ میں یو اے ای کے مثبت کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید النہیان کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button