عالمی خبریں

جنوبی افریقہ میں بدترین موسمی حالات، برفباری اور سیلاب سے 49 افراد ہلاک

خلیج اردو
کیپ ٹاؤن: 12 جون، 2025
جنوبی افریقہ میں شدید موسمی حالات نے تباہی مچا دی، دو صوبے برفباری اور سیلاب کی لپیٹ میں آگئے، مختلف حادثات اور آفات میں اب تک 49 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کیپ کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے، پانچ لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں ٹرانسپورٹ اور روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔

شدید بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلاب میں بچوں کی ایک اسکول بس بہہ گئی، تین بچوں کو زندہ بچا لیا گیا ہے تاہم بس میں موجود دیگر بچوں کی تعداد اور ان کا حال معلوم نہیں ہو سکا۔

دوسرے صوبے میں بھی سیلابی ریلوں نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اب تک 7 افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

خراب موسم کے باعث سڑک حادثات میں بھی 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، حکام نے حفاظتی اقدام کے طور پر دونوں صوبوں میں بڑی شاہراہیں بند کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے سرگرم عمل ہیں، تاہم خراب موسم امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button