متحدہ عرب امارات

قطر میں اسرائیلی حملے کے شہدا کی نماز جنازہ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی شرکت

خلیج اردو
دوحہ: قطر میں جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے چھ افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس کی امامت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امام عبدالوھاب مسجد میں کرائی۔

نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، جن میں روایتی سفید لباس اور فوجی وردیوں میں ملبوس افراد شامل تھے۔ شہدا میں پانچ فلسطینیوں کی میتوں کو فلسطینی پرچم میں لپیٹا گیا جبکہ قطری لانس کارپورل بدر سعد محمد الحمیدی الدوسری کو قطری پرچم میں سپرد خاک کیا گیا۔

قطری وزارت داخلہ کے مطابق تمام جاں بحق افراد کو امام عبدالوھاب مسجد میں نماز جنازہ کے بعد مسیمیر قبرستان میں دفن کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور مسجد کی طرف جانے والے راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کیے گئے۔

یہ حملہ منگل کو اسرائیل کی جانب سے دوحہ میں کیا گیا تھا جس میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ اگرچہ گروپ کے مطابق اعلیٰ قیادت محفوظ رہی تاہم پانچ ارکان جاں بحق ہوئے جبکہ ایک قطری سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خلیل الحیہ کے صاحبزادے ہمام، دفتر کے ڈائریکٹر جہاد لباد اور محافظ احمد مملوک، عبداللہ عبد الواحد اور مؤمن حسون شامل تھے۔

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا کہ اس حملے نے غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی کسی بھی امید کو ختم کر دیا ہے اور قطر اب اپنی ثالثی کے کردار پر نظرثانی کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس واقعے کے بعد ایک اجتماعی علاقائی ردعمل کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دوحہ میں عرب-اسلامی سربراہی اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

یہ خلیجی خطے میں اسرائیل کا پہلا حملہ ہے جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا اور عالمی سطح پر مذمت کے بیانات سامنے آئے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button