متحدہ عرب امارات

سام سنگ کے فولڈیبل فونز کی دھوم: گلیکسی فولڈ 7 اور فِلپ 7 کی یو اے ای میں پری آرڈر بکنگ شروع، قیمت صرف 135 درہم ماہانہ سے

خلیج اردو
دبئی: سام سنگ نے اپنے جدید فولڈیبل فونز گلیکسی زی فولڈ 7 اور گلیکسی زی فِلپ 7 کی یو اے ای میں لانچنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فونز 25 جولائی سے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے جبکہ ان کی پری آرڈر بکنگ شروع ہو چکی ہے۔ صارفین ان جدید ترین فونز کو صرف 135 درہم ماہانہ کی قسط پر حاصل کر سکتے ہیں۔

دبئی کے ٹیلی کام ادارے "دو” اور "ای اینڈ” نے خصوصی آفرز کا اعلان کیا ہے۔ "دو” کی جانب سے فولڈ 7 کا بیس ماڈل 24 ماہ کے لیے 258 درہم ماہانہ یا 12 ماہ کے لیے 516 درہم ماہانہ میں دستیاب ہے۔ جبکہ فِلپ 7 صرف 135 درہم ماہانہ (24 ماہ) یا 270 درہم ماہانہ (12 ماہ) میں خریدا جا سکتا ہے۔ تمام قیمتوں میں 5 فیصد وی اے ٹی شامل نہیں ہے۔

"ای اینڈ” کی آفر کے تحت صارفین فری سٹوریج اپ گریڈ اور پریمیم سام سنگ ممبرشپ حاصل کر سکتے ہیں۔ فولڈ 7 کے لیے قیمت 320 درہم ماہانہ (24 ماہ)، اور فِلپ 7 کے لیے 185 درہم ماہانہ ہے (وی اے ٹی شامل ہے)۔

گلیکسی زی فولڈ 7 کی خصوصیات:
یہ سام سنگ کا اب تک کا سب سے پتلا اور ہلکا فولڈیبل فون ہے، جس کا وزن 215 گرام ہے اور کھلنے کے بعد موٹائی صرف 4.2 ملی میٹر ہے۔ اس میں 8.0 انچ کا QXGA+ مین ڈسپلے اور 6.5 انچ کا کور اسکرین شامل ہے۔ فون میں 200 میگا پکسل کا وائڈ اینگل کیمرا، اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ چپ، 16 جی بی ریم اور 1 ٹی بی سٹوریج جیسی اعلیٰ خصوصیات موجود ہیں۔

گلیکسی زی فِلپ 7 کی خصوصیات:
اس فون میں 4.1 انچ کا سپر AMOLED کور ڈسپلے اور اندرونی 6.9 انچ کا ڈائنامک AMOLED 2X ڈسپلے دیا گیا ہے۔ نیا Exynos 2500 چپ، 12 جی بی ریم اور 512 جی بی سٹوریج فراہم کرتا ہے۔ 50 میگا پکسل کا نیا مین کیمرا اور 4,300mAh بیٹری اس کی مزید خوبیوں میں شامل ہیں۔ یہ فون نئے رنگوں میں دستیاب ہوگا جن میں بلو شیڈو، جیٹ بلیک، کورل ریڈ اور آن لائن ایکسکلوزو منٹ شامل ہیں۔

قیمتیں اور دستیابی:
فولڈ 7 کی ابتدائی قیمت 7,599 درہم (12GB+256GB) ہے، جبکہ مکمل فیچرز کے ساتھ قیمت 9,349 درہم تک جاتی ہے۔ یہ سلور شیڈو، جیٹ بلیک، منٹ اور بلو شیڈو رنگوں میں دستیاب ہے۔

فِلپ 7 کی قیمت 4,299 درہم ہے جبکہ 128GB ماڈل فِلپ 7 ایف ای 3,499 درہم میں دستیاب ہے۔ یو اے ای میں تمام ماڈلز 25 جولائی سے عام فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button